پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل چوتھی مرتبہ کمی متوقع
تیل کی قیمتوں میں 15 ستمبر سے 10 روپے فی لیٹر کمی کا امکان
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15 ستمبر سے تقریبا 10 روپے فی لیٹر کمی متوقع ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ پندرہ دنوں کے دوران بین الاقوامی مارکیٹ میں پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں تقریباً 5 ڈالر فی بیرل کی کمی آئی ہے، ایکسچینج ریٹ کے حتمی حساب کتاب اور موجودہ ٹیکس کی شرح کے مطابق پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں 10 سے 11 روپے فی لیٹر کمی ہو سکتی ہے۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں پیٹرول کی اوسط قیمت 81 ڈالر فی بیرل سے کم ہو کر 76 ڈالر فی بیرل سے بھی نیچے آ گئی جب کہ گزشتہ 15 دنوں کے دوران ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 88.5 ڈالر فی بیرل سے کم ہو کر تقریباً 83 ڈالر فی بیرل ہو گئی، موجودہ پندرہ دن کے دوران پیٹرول اور ایچ ایس ڈی پر درآمدی پریمیم عام طور پر 8.5 اور 5 ڈالر فی بیرل پر مستحکم رہا، دوسری جانب ایکسچینج ریٹ بھی مستحکم رہا۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم لیوی کی شرح کو 5 روپے فی لیٹر بڑھا سکتی ہے تاکہ کم قیمتوں کا سے فائدہ اٹھا کر موجودہ مالی سال کے ابتدائی دو ماہ کے دوران ایف بی آر کے 100 ارب روپے کے محصولات کے خسارے کا کچھ حصہ پورا کیا جا سکے، اس صورت میں قیمت میں کمی تقریباً 5 سے 6 روپے فی لیٹر ہوگی۔
حکومت نے مالیاتی بل میں پیٹرولیم لیوی کی زیادہ سے زیادہ حد 70 روپے فی لیٹر تک بڑھا دی ہے تاکہ اگلے مالی سال میں 12 کھرب 8 ارب روپے جمع کیے جا سکیں، جو پچھلے مالی سال میں 10 کھرب 19 ارب روپے کی وصولی کے مقابلے میں تقریباً 150 ارب روپے زیادہ ہے، جبکہ بجٹ کا ہدف 869 ارب روپے تھا۔