افغان قونصل جنرل کی جانب سے قومی ترانے کی بے ادبی، شیریں مزاری نے بھی مذمت کردی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سینیئر سیاستدان و سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری نے بھی افغان قونصل جنرل کی جانب سے قومی ترانے کی بے ادبی کی مذمت کردی . سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی جانب سے افغان قونصل جنرل کے اقدام کا دفاع مضحکہ خیز ہے .

انہوں نے کہاکہ سفارتی اصول ایک خاص قسم کے رویے کا مطالبہ کرتے ہیں، جس میں قومی ترانے اور میزبان ملک کے جھنڈے کا احترام کرنا شامل ہے . واضح رہے کہ گزشتہ روز پشاور میں ایک تقریب کے دوران افغان قونصل جنرل قومی ترانے کے احترام میں کھڑے نہیں ہوئے تھے، اور ان کے ساتھی بھی سیٹ پر براجمان رہے . بعد ازاں افغان قونصلیٹ نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ قومی ترانے میں میوزک کی وجہ سے قونصل جنرل کھڑے نہیں ہوئے، ایسا نہیں کہ وہ پاکستانی ترانے کا احترام نہیں کرتے . تاہم دفتر خارجہ نے افغان ناظم الامور کو طلب کرکے اس پر شدید احتجاج کیا تھا . آج وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے تقریب سے خطاب کے دوران کہاکہ ایسی کوئی بات نہیں کہ افغان قونصل جنرل نے پاکستان کے قومی ترانے کا احترام نہیں کیا، افغان قونصلیٹ نے کہہ دیا ہے کہ پاکستانی ترانے میں میوزک کی وجہ سے وہ کھڑے نہیں ہوئے . وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی جانب سے افغان قونصل جنرل کے اقدام کا دفاع کرنے پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے . . .

متعلقہ خبریں