کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد ڈیوڈ وارنر نے ’ڈان‘ بننے کی تیاری کرلی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)کرکٹ کے میدان میں مخالف ٹیموں کے چھکے چھڑانے والے سابق آسٹریلوی لیجنڈ ڈیوڈ وارنر اب بالی ووڈ فلموں میں نظر آئیں گے . غیرملکی میڈیا کے مطابق، ڈیوڈ وارنر کو منگل کے روز میلبورن میں دریائے یارا کے قریب فلم کی شوٹنگ میں حصہ لیتے ہوئے دیکھا گیا ہے جہاں 37 سالہ سابق کرکٹر ایک سین فلمبند کرا رہے تھے .

ڈیوڈ وارنر نے سفید پینٹ اور پھولدار سفید شرٹ پہنی ہوئی تھی اور وہ ایک سرخ رنگ کے ہیلی کاپٹر سے باہر نکل رہے تھے . تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈیوڈ وارنر اسٹائل کے ساتھ ہیلی کاپٹر سے نکلتے ہیں اور ایک بڑا لولی پوپ چوستے ہوئے چلنے لگتے ہیں، وہ قریب کھڑے مسلح سیکیورٹی اسٹاف سے بحث کرتے ہیں اور اپنی جیب سے سنہرے رنگ کی پستول نکال لیتے ہیں . اس بالی ووڈ فلم کا کیا نام ہے، اس بارے میں ابھی تفصیلات منظرعام پر نہیں آئیں لیکن ایسا ظاہر ہوتا ہے کہ ڈیوڈ وارنر اس فلم میں کسی ’ڈان‘ کا کردار ادا کررہے ہیں . واضح رہے کہ ڈیوڈ وارنر نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد شوبز کی دنیا کا انتخاب کیا ہے . وہ اس سے قبل ایک ہیوی بجٹ انڈین ٹی وی اشتہار میں بھی اپنی ’اداکاری‘ کے جوہر دکھا چکے ہیں . ڈیوڈ وارنر نے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے بعد رواں برس جنوری میں کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا . . .

متعلقہ خبریں