راج ٹھاکرے کو پاکستانی فلم لیجنڈ آف مولا جٹ سے کیا خطرہ ہے؟

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستانی اداکار فواد خان اور اداکارہ ماہرہ خان کی بلاک بسٹر فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو آئندہ ماہ بھارتی سینما گھروں میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، تاہم مہاراشٹر نونرمان سینا (ایم این ایس) کے سربراہ راج ٹھاکرے نے دھمکی دی ہے کہ وہ پاکستانی فلم کی ریاست مہاراشٹرا میں نمائش کی اجازت نہیں دیں گے . بھارتی میڈیا کے مطابق، راج ٹھاکرے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پیغام میں کہا کہ فن کی سرحد نہیں ہوتی لیکن یہ معاملہ ان فلموں کے لیے بالکل مختلف ہے جن میں پاکستان اداکاروں کو دکھایا جارہا ہو .

راج ٹھاکرے کا کہنا تھا کہ پاکستانی اداکاروں کی فلموں کو بھارت میں کیوں نمائش کی اجازت دی جارہی ہے، ایم این ایس کسی بھی حالت میں مہاراشٹرا میں اس فلم کی اجازت نہیں دے گی . راج ٹھاکرے نے سینیما گھروں کے مالکان کو دھمکی دی کہ اگر انہوں نے اپنے سینماؤں میں اس فلم کی نمائش کی تو انہیں یاد رکھنا چاہیے کہ ماضی میں جب ایسے (پاکستانی فلموں کی نمائش کے) واقعات ہوئے تو ایم این ایس نے اس سلسلے میں کیا اقدامات کیے . انہوں نے بھارتی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ ریاست مہاراشٹرا ہی نہیں بلکہ ملک بھر میں پاکستانی فلم کی ریلیز پر پابندی عائد کرے . انہوں نے کہا، ’نوراتری کا تہوار اسی وقت شروع ہو گا جب یہ فلم ریلیز ہو گی . میں نہیں چاہتا کہ مہاراشٹر میں کوئی تنازع ہو اور ریاست کے وزیراعلٰی، وزیر داخلہ اور پولیس ڈائریکٹر جنرل کی بھی یہ خواہش نہیں ہو گی . ‘ یاد رہے کہ 2022 میں جب دی لیجنڈ آف مولا جٹ بھارت میں ریلیز ہونے جا رہی تھی تو اس وقت بھی ایم این ایس کے رہنما امے کھوپکر نے دھمکی دی تھی کہ وہ پاکستانی فلم بھارت میں ریلیز نہیں ہونے دیں گے . واضح رہے کہ فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کے ہدایت کار بلال لاشاری نے فلم کے آفیشل انسٹاگرام پیج پر اعلان کیا تھا کہ فلم 2 اکتوبر 2024 سے بھارتی سینیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی . . .

متعلقہ خبریں