جنرل سید عاصم منیر کا خیبر پختونخوا کے عوام کی ترقی کے لیے تعاون فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے پاک فوج کی جانب سے خیبر پختونخوا کےعوام کی خوشحالی اور ترقی کے لیے وسائل کو بروئے کار لانے میں تعاون اور پولیس کی استعداد کار میں اضافے کے لیے ان کی مستقل اور تکنیکی معاونت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے . پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے پیر کو جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا کا دورہ کیا جہاں انہیں موجودہ سیکیورٹی صورتحال، انسداد دہشتگردی کی جاری کارروائیوں اور ترقیاتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی .

افسران اور جوانوں سے خطاب کے دوران آرمی چیف نے ان کی دشمن کے خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے اعلیٰ سطح کی تیاریوں اور غیر معمولی حوصلے کو سراہا . انہوں نے دشمن قوتوں اور ان کے سہولت کاروں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پاک فوج کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا . آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو تہہ دل سے خراج تحسین پیش کیا، جنہوں نے فرائض کی انجام دہی کے دوران لازوال قربانیاں دی ہیں . انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاک فوج ’ایل ای اے‘ خاص طور پر خیبر پختونخوا پولیس کی استعداد کار میں اضافے کے لیے ان کی مستقل اور تکنیکی معاونت جاری رکھے گی . آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے امن برقرار رکھنے اور جنوبی وزیرستان انٹیگریٹڈ ڈیولپمنٹ پلان کے تحت مختلف منصوبوں کو آگے بڑھانے میں خیبر پختونخوا کے عوام کے کلیدی کردار کا بھی اعتراف کیا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا . انہوں نے خیبر پختونخوا کے عوام کی خوشحالی اور ترقی کے لیے پاک فوج کی جانب سے اپنے وسائل کو بروئے کار لانے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا . آرمی چیف نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قبائلی عمائدین کی گرانقدر خدمات اور پاک فوج کی غیر متزلزل حمایت پران کا شکریہ ادا کیا . آرمی چیف کی آمد پر آرمی چیف نے شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا . . .

متعلقہ خبریں