چیف جسٹس کے 9سوالات پر رجسٹرار سپریم کورٹ نے جواب بھیج دیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)مخصوص نشستوں سے متعلق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے 9 سوالات کے معاملے پر رجسٹرار سپریم کورٹ نے جواب بھیج دیا .

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی جانب سے رجسٹرار سپریم کورٹ سے 14 ستمبر کے حکم پر 9 سوالات پوچھے گئے تھے، جس پر رجسٹرار نے جواب بھیجا .

جیو نیوز کا ذرائع کے حوالے سے بتانا ہے کہ رجسٹرار سپریم کورٹ نے کہا الیکشن کمیشن اور پی ٹی آئی کی درخواستوں پر کوئی کاز لسٹ جاری نہیں ہوئی، سپریم کورٹ کے کسی کمرہ عدالت میں ان درخواستوں پر سماعت نہیں ہوئی جبکہ ججز کے کسی چیمبر میں بھی ان درخواستوں پر بیٹھنے کے بارے میں معلومات نہیں .
رجسٹرار کی جانب سے بھیجے گئے جواب میں کہا گیا کہ ویب سائٹ پر اپلوڈ ہونے سے پہلے فائل رجسڑار آفس کو نہیں بھجوائی گئی، وضاحتی حکم سینئر جج کے اسٹاف آفیسر کے کہنے پر ویب سائٹ پر اپ لوڈ ہوا .

واضح رہے کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے 14 ستمبر کے ڈپٹی رجسٹرار کے نوٹ پر وضاحت مانگی تھی، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے رجسٹرار سے 9 سوالات کے جواب طلب کیے تھے .

پہلا سوال: الیکشن کمیشن اور پی ٹی آئی کی متفرق درخواستیں کب داخل کی گئیں؟

دوسرا سوال: ججز کمیٹی کے سامنے درخواستیں کیوں پیش نہیں کی گئیں؟

تیسرا سوال: درخواستیں سماعت کےلیے کب مقرر ہوئیں اور اس بارے میں کازلسٹ کیوں جاری نہ ہوئی؟

چوتھا سوال: کیا فریقین اور اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کیا گیا؟

پانچواں سوال: کس کورٹ روم یا چیمبر میں کن جج صاحبان نے سماعت کی؟

چھٹا سوال: آرڈر سنانے کےلیے کاز لسٹ کیوں جاری نہ ہوئی؟

ساتواں سوال: حکم نامہ جاری کرنے کے لیے وقت مقرر کیوں نہ کیا گیا؟

آٹھواں سوال: اوریجنل فائل اور اصل حکم نامہ جمع کروائے بغیر ویب سائٹ پر کیسے اپ لوڈ ہوا؟

نواں سوال: وضاحتی حکم نامہ سپریم کورٹ ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنے کا حکم کس نے دیا؟

. .

متعلقہ خبریں