ملائیشین وزیر اعظم کی آرمی چیف سے ملاقات، اسٹریٹجک مفادات، اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم نے ملاقات کی، ملائیشین وزیر اعظم نے امن و استحکام میں پاک افواج کے کردار کو سراہا . ملاقات کے دوران ملائیشین وزیر اعظم نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کا اعتراف کیا .

دونوں رہنماؤں کی جانب سے دوطرفہ اسٹریٹجک مفادات، علاقائی سلامتی، دفاعی تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا . دونوں برادر ممالک میں دوطرفہ تعلقات بالخصوص فوجی تعلقات بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا . ملائیشین وزیر اعظم نے امن و امان کے لیے کی جانے والی کوششوں پر پاک فوج کے کردار کو سراہا، اور اسی تناظر میں آرمی چیف کو ملائیشیا کے دورے کی دعوت دی . آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے دعوت پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے کامیاب دورے کو سراہا، جس سے دونوں ممالک اور فوج کے درمیان پائیدار اور تاریخی تعلقات کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی . اس سے قبل صدر مملکت آصف علی زرداری نے ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کو نشان پاکستان عطا کیا . اسلام آباد میں ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کو نشان پاکستان کا اعزاز دینے کے لیے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا . تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، صدر مملکت آصف علی زرداری، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ اور وفاقی وزرا نے شرکت کی . آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی ساحر شمشاد مرزا اور دیگر عسکری قیادت نے بھی تقریب میں شرکت کی . نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹوزرداری اور صوبائی گورنرز، وزرا اعلیٰ بھی تقریب میں شریک ہوئے . واضح رہے ملائیشیا کے وزیر اعظم 3روزہ سرکاری دورہ پر پاکستان میں موجود ہیں، اس دوران انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف، صدر پاکستان اور آرمی چیف سید عاصم منیر سے ملاقاتیں کی ہیں، دیگر ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں . . .

متعلقہ خبریں