.
تربت(قدرت روزنامہ)کوئٹہ ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر اور بلوچستان سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے سابق ممبر مراد اسماعیل نے تربت پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ ایک انقلابی اقدام ہے کہ پی سی بی پاکستان بالخصوص بلوچستان میں گراس روٹ لیول پر کرکٹ کو فروغ دینے کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے اس سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے بلوچستان میں کرکٹ کے فروغ کے لئے پہلی مرتبہ یونیورسٹی، کالج اور اسکول لیول پر ٹورنامنٹس منعقد کرانے کا فیصلہ کیا ہے، ان ٹورنامنٹس کے انعقاد میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی اور ڈائریکٹر کرکٹ آپریشن عبداللہ خرم نیازی کی کاوشیں اور خصوصی دلچسپی قابل تعریف ہیں، مراد اسماعیل کا کہناتھاکہ اس سلسلے میں گزشتہ مہینے پی سی بی اور ہائرایجوکیشن کمیشن کے درمیان ایک ایم او یو پر دستخط کیئے گئے، پہلے مرحلے میں انٹریونیورسٹی ٹورنامنٹ منعقد کرایاجائے گا، اس کے بعد کالج اور اسکول لیول میں ٹورنامنٹس منعقد کئے جائیں گے،ان ٹورنامنٹس کے انعقاد کا مقصد باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کو آگے لانااورانکو تربیت فراہم کرناہے تاکہ ان کوقومی سطح پر کرکٹ کھیلنے کا موقع مل سکے، انہوں نے کہاکہ انٹریونیورسٹی ٹورنامنٹ اسی مہینے میں شروع ہورہاہے جس میں بلوچستان کے تمام یونیورسٹیوں کی 11ٹیمیں حصہ لیں گی جو پی سی بی کی متعین کردہ آفیشل کوچز کی زیرنگرانی کل 20 میچز کھیلیں گے،ٹورنامنٹ کے دوران کھلاڑیوں کی کارکردگی ڈیجیٹل اسکورنگ کے ذریعے پی سی بی کی ویب سائیٹ پر اپ لوڈ کی جائیں گی، ان ٹورنامنٹس کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے مراد اسماعیل کا کہناتھاکہ یہ ٹورنامنٹس بڑی اہمیت کے حامل ہیں کیوں کہ جوکھلاڑی اپنی تعلیمی مصروفیات کی وجہ سے کھیلوں کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ نہ لے سکے اور وہ اس طرف خاطرخواہ توجہ نہ دے سکے اور نہ ہی وہ کلب کرکٹ کھیل سکے، ان کے لئے یہ بہترین موقع ہے کہ ان ٹورنامنٹس میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے آگے آئیں،بطور صدر کوئٹہ ریجن اپنی اٹھارہ مہینے کی کارکردگی سے آگاہ کرتے ہوئے مراد اسماعیل کا کہناتھا کہ اس عرصے،پچھلے دور میں برطرف کئے گئے پندرہ گراؤنڈ مین کو ہم نے بحال کروایاہے جس سے کئی اضلاع کے غیرآبادگراؤنڈز دوبارہ آباد ہوگئے، پنجگور اور خضدار میں تین تین نئے گراؤنڈ مین تعینات کئے گئے ہیں اس کے علاوہ تکنیکی ضروریات کو پورا کرنے کے بعد گوادر سمیت دیگر اضلاع میں بھی گراؤنڈ مین کی تعیناتی جلد عمل میں لائی جائے گی، اپنے دور کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیم میرٹ پر منتخب کرنے کی وجہ سے بلوچستان کی ٹیم پہلی مرتبہ قومی سطح پر ٹائٹل اپنے نام کرچکی ہے جس پر تمام کھلاڑی،کوچز اور کوئٹہ ریجن کے تمام عہدیداران مبارکباد کے مستحق ہیں، اس وقت ہماری ٹیم فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل رہی ہے، انہوں نے کہا کہ پی سی بی اس وقت ریجن کی تمام ٹیموں کی بہترین کھلاڑیوں کو کارکرکردگی کی بنیاد پر کنٹریکٹ دینے کے ساتھ ان کی مالی مدد بھی کرہی ہے تاکہ کھلاڑی ان پیسوں کو خود پر خرچ کرکے اپنی پریکٹس،فٹنس اور پرفارمینس کو بہتر بنا سکیں اور آئندہ سال خود کو اگلے لیول تک پہنچاسکیں انہوں نے بتایا کہ اس مقصد کے لئے دیگرریجنز سے بیس بیس کھلاڑیوں کا انتخاب کیاگیا ہے جبکہ ہماری کوششوں سے کوئٹہ ریجن سے 21کھلاڑیوں کو منتخب کیاگیاہے جن میں تربت اور پسنی سے بھی باصلاحیت کھلاڑی شامل ہیں، ہمارے کھلاڑیوں کو کنٹریکٹ پلیئرز کی کیٹگری میں رکھاگیاہے جن کو ایک لاکھ سے لے کر ایک لاکھ نوے ہزار روپے تک ہر مہینے ملتاہے، انہوں نے مزید کہا کہ دور دراز اضلاع کے کرکٹ ٹیموں کے دوروں کے لئے گرانٹس اور کھلاڑیوں سمیت آفیشلز کے سفری اور رہائشی اخراجات سمیت دیگر اخراجات کے لئے الاؤنسز کی رقم میں خاطرخواہ اضافہ کیاگیاہے جس سے گوادر، تربت اور پنجگور سمیت دیگر دوردراز اضلاع کی ٹیموں کو دوروں کے دوران بہترین سہولیات میسرہوں گی، پریس کانفرنس میں تربت کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر مدثر پرویز اور سابق ممبراسکروٹنی کمیٹی عبدالرحیم بلوچ بھی موجود تھے . .
متعلقہ خبریں