آشگھابت (قدرت روزنامہ) پاکستان کے صدر آصف علی زرداری کا ترکمانستان کے ہوائی اڈے پر استقبال منفرد اور محبت بھرے انداز میں کیا گیا . صدر زرداری دو روزہ دورے پر ترکمانستان پہنچے تھے، جہاں ان کا خیرمقدم کرنے کے لیے دو ننھے مقامی بچوں نے گلدستے کے ساتھ روایتی نمکین روٹی پیش کی .
یہ روٹی مہمانوں کی خوشنودی کا اظہار کرنے کے لیے پیش کی جاتی ہے .
اس موقع پر صدر زرداری نے ایک نئی روایت قائم کرتے ہوئے پہلے بچے سے روٹی کا ایک ٹکڑا لے کر اس کے منہ میں ڈال دیا . بچے نے خوشی خوشی روٹی کاٹ لی، جس کے بعد صدر نے خود بھی اس کا لقمہ لیا . انہوں نے یہی عمل دوسرے بچے کے ساتھ بھی دہرایا، جس نے سب کو محظوظ کر دیا .
صدر زرداری کے اس محبت بھرے انداز پر میزبان ملک کے نائب وزیراعظم اور دیگر شخصیات نے خوشگوار حیرت کا اظہار کیا . اس موقع پر صدر زرداری کے ساتھ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار بھی موجود تھے .
صدر آصف علی زرداری کا خوبصورت انداز . ترکمانستان آمد پر بچوں کو بریڈ اپنے ہاتھوں سے کھلائی اور ان کا جھوٹا خود کھایا . ایسے ہی محبتوں سے بھرے مناظر کی پاکستان کو ضرورت ہے . pic.twitter.com/jXUunXarrp
یہ واقعہ سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوا، جب اسحاق ڈار کے بیٹے علی ڈار نے اس لمحے کی ویڈیو شیئر کی . ویڈیو کے ساتھ انہوں نے لکھا، ”پاکستان کو ایسے ہی محبتوں سے بھرے مناظر کی ضرورت ہے . “ یہ واقعہ نہ صرف صدر زرداری کی نرم دلی کی عکاسی کرتا ہے بلکہ پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان دوستانہ تعلقات کی بھی مثال پیش کرتا ہے .
. .