اسلام آباد

بلاول بھٹو نے حکومت کا تیار کردہ آئینی ترمیم کا مسودہ سوشل میڈیا پر شیئر کردیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنا آئينی ترامیم کا مجوزہ مسودہ سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر شیئر کردیا، اور لکھا کہ سیاسی جماعتوں کے وسیع تر اتفاق رائے کی بنیاد پر مشترکہ مسودے کے لیے پرامید ہيں اور وہ ترامیم کا مسودہ بہتر کرنے کے لیے بامعنی عوامی ردعمل کا خیر مقدم کریں گے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ایکس پر پوسٹ میں مسودہ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یہ میثاق جمہوریت کے نامکمل عدالتی اصلاحات کے ایجنڈے کو مکمل کرنے کی تجاويز ہیں، وہ تمام وفاقی اکائيوں کی یکساں نمائندگی کے ساتھ آئينی عدالت کے قیام کی تجویز پیش کرتے ہيں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ وہ ججز کی تعیناتی کے عمل میں پارلیمنٹ، عدلیہ اور قانونی برادری کو برابری کا درجہ دیتے ہیں۔ متفقہ مسودہ تیار کرنے کے لیے اپوزيشن کی جماعت جے یو آئی سے بات چیت کررہے ہیں، سیاسی جماعتوں کے وسیع تر اتفاق رائے کی بنیاد پر مشترکہ مسودے کے لیے پرامید ہيں۔
سابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ وہ ترامیم کا مسودہ بہتر کرنے کے لیے بامعنی عوامی ردعمل کا خیر مقدم کریں گے۔ اس سے قبل بلاول بھٹو نے اپنی پارٹی کی تجویز کردہ وفاقی آئینی عدالت کو بانی پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح کا خواب بھی قرار دے چکے ہیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ وفاقی آئینی عدالت کی تجویز سب سے پہلے قائداعظم نے پیش کی، قائداعظم نے 27 اکتوبر 1931 کو لندن کی گول میز کانفرنس میں وفاقی آئینی عدالت کی تجویز پیش کی تھی۔

متعلقہ خبریں