بھارتی صحافی نے اسلام آباد کو ایشیا کا خوبصورت ترین شہر قرار دیدیا
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بھارتی صحافی اشیش کمار سنگھ نے اسلام آباد کو ایشیا کا سب سے خوبصورت شہر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پہلے بھی کئی مرتبہ یہاں آچکے ہیں اور انہیں ہمیشہ ہی اچھا لگتا ہے، اس مرتبہ بھی شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کا بہت اچھا انتظام کیا گیا ہے۔
وی نیوز سے خصوصی گفتگو میں اشیش کمار سنگھ کا کہنا تھا کہ کانفرنس میں تمام پرانے دوستوں سے ملاقات بھی ہوئی ہے، جبکہ ایس ای او کانفرنس میں صحافیوں کو فراہم کردہ سہولیات بھی بہت بہترین ہیں۔
بھارتی صحافی کے مطابق اسلام آباد چھوٹی بڑی سڑکوں سے آراستہ صاف ستھرا شہر ہے، جہاں کہیں ٹریفک بلاک نہیں ہوتا۔ ’ہمیں صرف اسلام آباد اور لاہور کا ویزا ملتا ہے، ایک مرتبہ میں دیگر صحافیوں کے ہمراہ یہاں آیا تھا تو ہم لوگ سوات بھی گئے تھے وہ بھی بہت خوبصورت ہے۔‘
بھارتی صحافی اشیش کمار سنگھ کے مطابق بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اس لیے ایس سی او کانفرنس میں شرکت کے لیے پاکستان نہیں آئے کیونکہ یہ سربراہان حکومت کی کانفرنس تھی جبکہ نریندر مودی سربراہِ ریاست ہیں۔
اگر کسی بھی ملک میں ہیڈ آف اسٹیٹ کی دعوت ہوتی ہے تو نریندر مودی تب جاتے ہیں، ورنہ کوئی بھی اعلیٰ حکومتی شخصیت بھارت کی نمائندگی کرتی ہے۔ ’اس کانفرنس میں بھی بھارت نے مکمل طور پر شرکت کی اور ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کرنے کے بجائے وزیر خارجہ خود آئے۔‘
بھارتی صحافی کے مطابق ایس سی او کانفرنس وقت کی ضرورت اور انتہائی اہمیت کی حامل ہے اس وقت جو اس خطے کو دہشت گردی سمیت معاشی مشکلات کا سامنا ہے اور جو موسمیاتی تبدیلی سے معاملات زندگی میں فرق پڑ رہا ہے اس کے لیے اس کانفرنس کی اہمیت کافی بڑھ گئی ہے۔
یہ تو جس طرح کانفرنس چلے گی اور جو ممالک کے سربران ائے ہیں وہ اپنی تجاویز دیں گے اس سے پتا لگے گا کہ کانفرنس کتنی کامیاب ہوئی ہے لیکن اس کا انعقاد بہت ضروری تھا۔‘
اشیش کمار سنگھ نے پاک بھارت تعلقات کے لیے کانفرنس کی اہمیت کے حوالے سے کہا کہ ابھی پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی سب کو ایک ساتھ کھڑا ہونا پڑے گا۔
’ہم سب کو مشترکہ طور پر دہشت گردی کیخلاف جنگ لڑنا ہے اور دشمنوں کو ہرانا ہے، اس کانفرنس سے پاک بھارت تعلقات میں کچھ بہتری آئے گی اور دونوں ممالک کے درمیان فاصلہ کچھ کم ہوگا۔‘