چھٹی ایشین تائیکوانڈو چیمپیئن شپ کا ٹائٹل پاکستان نے اپنے نام کرلیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان نے چھٹی ایشین تائیکوانڈو چیمپیئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا، کھلاڑیوں نے مجموعی طور پر 3 گولڈ، 3 سلور اور 2 برانز میڈلز جیت کر نئی تاریخ رقم کی . انڈونیشیا میں ہونے والے کیوروگی ایونٹ میں پاکستان پہلے، قازقستان دوسرے جبکہ ملائیشیا تیسرے نمبرپر رہا .

بین الاقوامی تائیکوانڈو ایونٹ میں پاکستان کی جانب سے کھلاڑیوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، چیمپئن شپ میں جمعرات کو پاکستان کے ہارون خان نے 58 کلوگرام کیٹیگری کے فائنل میں اپنے ہم وطن ابوبکر کو شکست دیکر گولڈ میڈل جیتا . ہارون خان نے یہ مقابلہ سنسنی خیز انداز میں 6-4 اور 9-7 سے جیتا، اسی کیٹیگری میں ابوبکر نے سلور میڈل حاصل کیا، جبکہ خواتین کے 73 کلوگرام کے فائنل میں منیشا علی نے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انڈونیشیا کی پیرماتا ساری کو 4-1 اور 8-2 سے شکست دی، اور گولڈ میڈل اپنے نام کیا . ٹورنامنٹ میں پاکستان کی ٹیم کو بیسٹ ٹیم کا ایوارڈ بھی دیا گیا، 54کلوگرام کیٹیگری میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے شاہزیب کو چیمپئن شپ کا بہترین کھلاڑی اور یوسف کرامی کو بہترین کوچ کے اعزازات سے نوازا گیا . دیگر میڈلز حاصل کرنے والوں میں حمزہ عمر سعید اور احتشام الحق شامل ہیں، جنہوں نے 87 پلس کلوگرام کیٹیگری میں بالترتیب سلور میڈلز جیتے . مظہر عباس نے 80 کلوگرام کیٹیگری میں برانز میڈل جیتا جبکہ خواتین کی 73 کلوگرام کیٹیگری میں ملیحہ علی نے بھی برانز میڈل اپنے نام کیا . . .

متعلقہ خبریں