اسلام آباد

آئینی ترمیم، وفاقی کابینہ، سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اجلاس آج دوبارہ ہوں گے


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)26 ویں آئینی ترمیم کے معاملے پر آج وفاقی کابینہ، سینیٹ اور قومی کے اجلاس دوبارہ منعقد کیے جائیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج دوپہر 12 بجے ہوگا، جس میں آئینی ترمیم کے مسودے کی منظوری کا امکان ہے۔ سینیٹ کا اجلاس آج دوپہر ساڑھے 12 بجے ہوگا جس میں آئینی ترمیم پیش کرنے کے لیے ضمنی ایجنڈا جاری کیا جاسکتا ہے۔ قومی اسمبلی کا اجلاس سہ پہر 3 بجے منعقد ہوگا، قومی اسمبلی کے ایجنڈے میں آئینی ترمیمی بل شامل نہیں۔
جمعہ کو شروع ہونے والا ایوان بالا (سینیٹ) کا اجلاس رات ساڑھے 8 بجے تک جاری رہنے کے بعد وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ہونے والی تاخیر کے باعث ملتوی کیا گیا تھا جبکہ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے قومی اسمبلی کا اجلاس آج سہ پہر 3 بجے تک ملتوی کر دیا تھا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل حکومت نے اعلان کیا تھا کہ وہ مجوزہ آئینی ترامیم کا بل قومی اسمبلی سے قبل سینیٹ میں پیش اورمنظور کروائے گی، تاہم جمعہ کو خصوصی کمیٹی کی جانب سے مجوزہ آئینی ترمیمی بل کے مسودے کی منظوری کے بعد وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے مسودے کی منظوری کے لیے وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کیا جو رات گئے تک شروع نہ ہوسکا۔
مجوزہ ترمیمی بل پہلے وفاقی کابینہ سے منظور ہو گا، اس کے بعد اسے قومی اسمبلی اور سینٹ میں پیش کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں