تعلیمی اداروں کے اطراف کریک ڈاؤن؛ 47 لاکھ روپے سے زائد کی منشیات برآمد
اسلام آباد (قدرت روزنامہ) تعلیمی اداروں کے اطراف منشیات فروشی اور منشیات اسمگلنگ کے خلاف اینٹی نارکوٹکس فورس ( اے این ایف) کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق مختلف علاقوں میں کارروائیوں میں 5 ملزمان کو گرفتار کرکے 14 کلو سے زائد کی منشیات برآمد کر لی گئیں جن کی مالیت 47 لاکھ روپے سے زیادہ ہے۔
ہری پور میں یونیورسٹی کے قریب ملزم کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 320 گرام چرس برآمد کرلی گئی جبکہ کوئٹہ میں یونیورسٹی کے قریب سے گرفتار ملزم سے 7 کلو آئس برآمد ہوئی۔ گرفتار ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا۔
دیگر کارروائیوں میں ملتان ائیرپورٹ پر جدہ جانے والے مسافر سے 750 گرام آئس برآمد ہوئی۔ ایم ون اسلام آباد کے قریب ملزم سے 3 کلو چرس اور ایک کلو آئس برآمد ہوئی۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں ملزم سے 2 کلو سے زائد چرس برآمد کی گئی۔ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔