چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کو بہت اچھا انسان پایا: نامزد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کا فل کورٹ ریفرنس سے خطاب
لاہور (قدرت روزنامہ )چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی کا عدالت عظمیٰ کے اعلیٰ ترین جج کی حیثیت سے آج آخری دن ہے اور ان کی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے فل کورٹ اختتام پذیر ہو گیاہے جس میں نامزد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی ، اٹارنی جنرل اور چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے خطاب کیا .
تفصیلات کے مطابق فل کورٹ ریفرنس سپریم کورٹ کمرہ عدالت نمبر ایک میں ساڑھے دس بجے شروع ہوا جس میں چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی اور نامزد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سمیت سپریم کورٹ کے دیگر ججز شریک ہیں .
سینئر جج جسٹس منصور علی شاہ رخصت پر ہونے کی وجہ سے فل کورٹ ریفرنس میں شریک نہیں ہیں .
بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کس طرح بنے تھے ؟ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے فل کورٹ ریفرنس میں واقعہ سنا دیا
اس کے علاوہ جسٹس ملک شہزاد، جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس منیب اختر اور جسٹس عائشہ ملک بھی ریفرنس میں شریک نہیں ہیں . فل کورٹ ریفرنس میں سپریم کورٹ کے وکلا، عدالتی عملہ اور صحافی بھی موجود ہے جہاں ریفرنس سے چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی خطاب کریں گے .
سپریم کورٹ میں فل کورٹ ریفرنس کو براہ راست نشر کیا جا رہا ہے . الوداعی ریفرنس میں جسٹس یحییٰ آفریدی ،جسٹس امین الدین خان ،جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر ،جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس شاہد وحید، جسٹس مسرت ہلالی ،جسٹس عرفان سعادت خان ،جسٹس نعیم اختر افغان، جسٹس شاہد بلال حسن اور جسٹس عقیل عباسی شریک ہیں .
فل کورٹ ریفرنس سے نامزد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کے ساتھ ساتھ وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل اور صدر سپریم کورٹ بار بھی خطاب کریں گے .
گزشتہ روز سپریم کورٹ بار اور پاکستان بار کونسل کی جانب سے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے اعزاز میں الوداعی عشائیےکا اہتمام بھی کیا گیا تھا .
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ
قاضی فائز عیسیٰ نے بطور چیف جسٹس اپنے آخری روز فل کورٹ ریفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میری والدہ نے مجھے نصیحت دی کہ ڈگری کر لو پھر جو مرضی کر لینا، تعلیم کے فورا بعد میری شادی بھی ہو گئی ، پیشہ وارانہ اور شادی شدہ زندگی کو 42 سال ہو گئے .
قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ مجھے ایک دفعہ کال آئی کہ چیف جسٹس بلا رہے ہیں، میں انگریزی اخبار میں لکھ رہا تھا مجھے لگاکہ چیف جسٹس نے ڈانٹنے کیلئے بلایا ہے ، چیف جسٹس نے کہا بلوچستان میں کوئی جج نہیں ، آپ چیف جسٹس بنیں ، چیف جسٹس بلوچستان بننے کے بعد زندگی بدل گئی ، بلوچستان میں جو کام کیئے ان کا لوگوں کو معلوم ہے ، بلوچستان میں جو کیا اہلیہ کا کردار تھا لیکن اہلیہ نے کہا نام نہیں لایا جائے گا، بلوچستان کے ہر ضلع میں اہلیہ کے ساتھ گیا، میرے والد بلوچستان کے پہلے بیرسٹر تھے .
انہوں نے کہا کہ دو لوگ میرے ساتھ آئے ، پروفیسر ڈاکٹر مشتاق بطور پرائیویٹ سیکریٹری اور محمد صادق بلوچستان سے ساتھ آئے ، جزیلا اسلم کا بطور رجسٹرار انتخاب کرنا اچھا فیصلہ تھا ، کبھی کاز لسٹ بنانے میں دخل نہیں کیا .
’’ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو اکسائیں گے تو پھر . . . ‘‘ نامزد چیف جسٹس یحییٰ آفرید ی کی بات پر ریفرنس کے دوران قہقہے لگ گئے
نامزد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے اعزاز میں الوداعی ریفرنس سے سپریم کورٹ کے نامزد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت میرے اندر ملے جلے رجحانات ہیں . ایک طرف چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی ریٹائرمنٹ پر دل اُداس ہے تو دوسری طرف خوشی بھی ہے کہ قاضی فائز عیسیٰ اچھی صحت کے ساتھ ریٹائرڈ ہو رہے ہیں .
جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کو بہت اچھا انسان پایا . وہ بہت نرم مزاج انسان ہیں . اگر آپ چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کو اکسائیں گے تو پھر ان کے غصے سے بچنا مشکل ہے . میں نے بھی ایک مرتبہ چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کے غصے کا سامنا کیا ہے . میرا یہ تجربہ کچھ زیادہ اچھا نہیں رہا . اس موقع پر کمرہ عدالت میں قہقہے لگے جب کہ چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نامزد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کے خطاب پر مسکراتے رہے .
نامزد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے فل کورٹ سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے خواتین کے وراثتی جائیداد میں حق سے متعلق بہترین فیصلے کیے . ججز میں اختلاف رائے کو چیف جسٹس پاکستان قاضی نے تحمل کیساتھ سنا . چیف جسٹس پاکستان نے حکومتی خرچ پر ظہرانہ لینے سے انکار کیا . ظہرانے کے خرچ کا سارا بوجھ مجھ پر پڑا . میں نے اپنے کچھ ساتھی ججز سے کہا آپ بھی شیئر کریں . ایسے دُور دراز کے اضلاع بھی ہیں جو توجہ کے حقدار ہیں . اختیارات کی تقسیم کے اصولوں پر عمل ہوگا .
تقریب کا آغاز اور اٹارنی جنرل منصور عثمان کا خطاب
الوداعی ریفرنس کا آغاز قرآن پاک کی تلاوت سے کیا گیا،ریفرنس میں اٹارنی جنرل منصور اعوان نے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے کیریئر کے اہم فیصلوں کا خاکہ پیش کرتے ہوئے ان کے فیصلوں کو خراج تحسین پیش کیا .
انہوں نے کہا کہ بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی حیثیت سے انہوں نے کئی اہم فیصلے کیے، 2013 میں محمد سلیم اور حکومت پاکستان کے درمیان مقدمے میں انہوں نے سرکاری حکام کے حکومتی اخراجات پر حج پر پابندی کے فیصلے کو برقرار رکھا .
ان کا کہنا تھا کہ نسرین کیترانی اور حکومت بلوچستان کے درمیان 2012 کے مقدمے میں چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے آئین پاکستان کے آرٹیکل 19اے میں درج معلومات کے بنیادی حق پر زور دیا اور جواب دہندگان کو ہدایت کی کہ وہ صوبے کے تمام اسکولوں کو چلانے کو یقینی بنائیں اور ساتھ ساتھ اس بات کو بھی یقینی بنائیں کہ اساتذہ اور اسکول تعلیم فراہم کریں جس کی متعلقہ حکومتی افسران نگرانی کریں .
انہوں نے کہا کہ 2010 میں صوبے کے دو مقدمات میں چیف جسٹس نے خواتین کی اپنی مرضی کے مطابق شادی کے حق کو برقرار رکھا جبکہ اور بلوچستان ہائی کورٹ میں پانچ سال تک بطور چیف جسٹس خدمات انجام دینے کے بعد جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا تقرر عدالت عظمیٰ میں کردیا گیا جہاں انہوں نے ایک دہائی تک خدمات انجام دیں .
سپریم کورٹ میں چیف جسٹس کے اہم فیصلوں کا حوالہ دیتے ہوئے اٹارنی جنرل نے کہاکہ متعدد مقدمات میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے جنگلی حیات کے تحفظ پر زور دیا اور اس سلسلے میں اسلامی تعلیمات کا حوالہ دیا جبکہ سپریم کورٹ میں بھی متعدد مقدمات میں وراثت میں خواتین کے حق کا تحفظ کیا .
ان کا کہنا تھا کہ مشہور زمانہ فیض آباد دھرنا کے فیصلے میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اجتماع اور احتجاج کے حق اور ان معقول پابندیوں پر تفصیلی بحث کی، اہم بات یہ ہے کہ جسٹس عیسیٰ نے نوٹ کیا کہ احتجاج کا حق صرف اس حد تک محدود ہے جس میں آزادانہ نقل و حرکت کے حق سمیت دوسروں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہوتی ہو .
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کون ہیں؟
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ 26 اکتوبر 1959 کو کوئٹہ میں پیدا ہوئے، آپ کے والد مرحوم قاضی محمد عیسیٰ آف پشین، قیامِ پاکستان کی تحریک کے سرکردہ رکن تھے اور محمد علی جناح کے قریبی ساتھی تصور کیے جاتے تھے . جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے والد صوبے کے پہلے فرد تھے جنہوں نے قانون کی ڈگری حاصل کی اور لندن سے واپس آکر بلوچستان میں آل انڈیا مسلم لیگ قائم کی، ان کے والد بلوچستان میں آل انڈیا مسلم لیگ کی مرکزی ورکنگ کمیٹی کے واحد رکن تھے .
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی والدہ بیگم سعدیہ عیسیٰ سماجی کارکن تھیں، وہ ہسپتالوں اور دیگر فلاحی تنظیموں کے لیے کام کرتی تھیں، جو بچوں اور خواتین کی تعلیم اور صحت سے متعلق مسائل پر کام کرتی تھیں .
ابتدائی زندگی
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کوئٹہ سے اپنی ابتدائی تعلیم مکمل کرنے کے بعد سندھ کے دارالحکومت کراچی میں کراچی گرامر اسکول سے ’O‘ اور ’A‘ لیول مکمل کیا، جس کے بعد وہ قانون کی تعلیم حاصل کرنے کے لیے لندن چلے گئے جہاں انہوں نے کورٹ اسکول لا سے بار پروفیشنل اگزامینیشن مکمل کیا . آپ 30 جنوری 1985 کو بلوچستان ہائی کورٹ میں ایڈووکیٹ کے طور پر رجسٹرڈ ہوئے اور پھر مارچ 1998 میں ایڈووکیٹ سپریم کورٹ بنے .
3 نومبر 2007 کو ایمرجنسی کے اعلان کے بعد انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ اپنے حلف کی خلاف ورزی کرنے والے ججز کے سامنے پیش نہیں ہوں گے، اسی دوران سپریم کورٹ کی جانب سے 3 نومبر کے فیصلے کو کالعدم قرار دیے جانے کے بعد اس وقت کے بلوچستان ہائی کورٹ کے ججز نے استعفیٰ دے دیا .
بعد ازاں 5 اگست 2009 کو جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو براہ راست بلوچستان ہائی کورٹ کا جج مقرر کردیا گیا .
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ، بلوچستان ہائی کورٹ، وفاقی شرعی عدالت اور سپریم کورٹ میں جج مقرر ہونے سے قبل 27 سال تک وکالت کے شعبے سے وابستہ رہے، وہ اس دوران بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن، سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آف پاکستان کے تاحیات رکن رہے .
علاوہ ازیں انہیں مختلف مواقع پر ہائی کورٹس اور سپریم کورٹ کی جانب سے متعدد مشکل کیسز میں معاونت کے لیے بھی طلب کیا جاتا رہا، اس کے علاوہ وہ انٹر نیشنل آربیٹریشن (قانونی معاملات) کو بھی دیکھتے رہے .
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے 5 ستمبر 2014 کو سپریم کورٹ آف پاکستان کے جج کی حیثیت سے حلف اٹھایا، وہ ان دنوں اسلام آباد میں اپنی اہلیہ کے ساتھ مقیم ہیں اور ان کے 2 بچے ہیں .
انہوں نے 17 ستمبر 2023 کو چیف جسٹس کے عہدے کے حلف اٹھایا تھا اور سپریم کورٹ کے 29ویں چیف جسٹس کا اعزاز حاصل کیا تھا .
. .