سنگجانی میں قیدیوں کی وین پر حملے کی ویڈیو منظر عام پر آگئی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) نواحی علاقے سنگجانی میں قیدیوں کی وین پر حملے کی نئی ویڈیو منظر عام پر آگئی ہے جس میں ملزمان کو پولیس وینز پر ڈنڈوں اور پتھروں سے حملہ کرتے دیکھا جا سکتا ہے، حملہ آوروں نے اپنے چہرے چھپائے ہوئے تھے، البتہ اس ویڈیو سے کسی گاڑی کے رکنے یا کسی کے فرار ہونے کے شواہد دکھائی نہیں دیئے .

پولیس کاکہنا ہے کہ اسلام آباد میں سنگجانی ٹول پلازہ پر قیدیوں کی تین وینز پر نامعلوم ملزمان نے حملہ کیا، حملے مں پی ٹی آئی کے تین ایم پی ایز سمیت متعدد قیدی فرار ہوگئے تھے، جنہیں دوبارہ گرفتار کرلیا گیا .

قیدیوں کی وینز میں ایم پی اے انور زیب، لیاقت، یاسر قریشی بھی موجود تھے، گاڑیوں میں گرفتار سرکاری ملازمین اور پولیس اہلکار بھی تھے .

ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا تھا کہ پولیس 82 قیدیوں کو عدالت پیشی کے بعد اٹک جیل منتقل کر رہی تھی، چار ڈالوں میں سوار ملزمان نے سنگجانی ٹول پلازہ کے قریب قیدی وینز پر حملہ کیا، ملزمان اسلحہ، ڈنڈے سوٹوں اور پتھروں سے لیس تھے . یہ بھی کہا گیا ہے کہ چار حملہ آوروں سمیت تمام فرار قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کرلیا گیا .

پولیس کا کہنا تھا کہ حملے میں 4 پولیس اہلکار زخمی ہوئے، پولیس کے سینئر افسران بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر موجود ہیں، تمام تر صورتحال کا بغور جائزہ لیا جارہا ہے .

. .

متعلقہ خبریں