بشری بی بی اور علیمہ خان سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ خود سیاست میں آئیں، سینئر سیاستدان
لاہور(قدرت روزنامہ) سینئر سیاستدان فواد چودھری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنان دھکے کھا رہے ہیں اور کوئی لیڈر کمرے سے نہیں نکلتا .
انسداد دہشتگری عدالت لاہور میں اعظم سواتی اور فواد چوہدری کی 9 مئی کے پانچ مقدمات میں عبوری ضمانتوں پر سماعت ہوئی .
عدالت نے دونوں کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کر دی .
عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج ہم 517 ویں بار انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہوئے ہیں، کیا ہم سارے دہشت گرد ہیں ؟ اگر ہم دہشتگرد ہیں تو کیا پاکستان کے لوگ دہشتگردوں کو ووٹ دے رہے ہیں ؟
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا کوئی لیڈر اپنے کمرے سے نہیں نکلتا ، تمام کارکنان دھکے کھا رہے ہیں، لیڈر کمروں میں بیٹھے ہیں، سلمان اکرم راجہ 1970 کا جیل لگا کر خود کو ڈان سمجھ رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کارکنان گرفتار ہوں لیڈرشپ تو گرفتار نہیں ہو سکتی .
ان کا کہنا تھا کہ لوگوں پر پرچے ہو کر ان کا بیڑہ غرق ہو چکا ہے، یہ سارے جیل لگا کر کافی پی کر کہتے ہیں فلاں جگہ آ جاؤ، میرے سارے خاندان کا نام ای سی ایل پر ہے، یہ سب مزے میں ہیں، ان کے پاس بانی پی ٹی آئی کو جیل سے نکالنے کی کوئی حکمت عملی نہیں، بچوں جیسے لوگوں کے ہاتھ میں پارٹی ہے .
انہوں نے مزید کہا کہ میں بشری بی بی اور علیمہ خان سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ سیاست میں آئیں اور بانی پی ٹی آئی کو جیل سے نکالنے کی حکمت عملی بنائیں .