کوئٹہ سمیت بلوچستان کے سرکاری اسپتالوں میں ادویات ناپید
کوئٹہ (قدرت روزنامہ)کوئٹہ سمیت بلوچستان کے سرکاری اسپتالوں میں ادویات ناپید ہوگئیں، پچھلے سات ماہ کے دوران محکمہ صحت کی جانب سے اسپتالوں کیلئے ادویات کی خریداری نہ ہوسکی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے 15 روز قبل ادویات کی فراہمی کے احکامات دیے گئے تھے لیکن ان پر عملدرآمد نہیں ہوسکا۔
ادویات کی قلت کے مسئلے پر محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ ادویات فراہم کرنے والی کمپنیوں سے معاہدہ ہوگیا ہے، 15 دن میں کوئٹہ کے اسپتالوں میں ادویات دستیاب ہوں گی۔
بلوچستان کے سرکاری اسپتالوں میں رواں سال اپریل سے پہلے ہی ادویات ختم ہوگئی تھیں جس کے بعد رواں سال کے بجٹ میں ادویات کی خریدی کیلئے دو ارب روپے رکھے گئے تھے تاہم ادویات فراہم کرنے والی کمپنیوں کو ادائیگی نہ ہونے کے باعث انہوں نے احتجاجاً دواؤں کی سپلائی روک دی تھی۔
اس ضمن میں ڈی جی صحت بلوچستان ڈاکٹر امین مندوخیل نے بتایا کہ ادویات فراہم کرنے والی کمپنیوں کے ساتھ معاہدہ ہوگیا ہے، 15 روز میں کوئٹہ کے تمام اسپتالوں اور ایک ماہ میں صوبے کے تمام اسپتالوں کو ادویات مہیا کردی جائیں گی۔