عالمی دنیا

امریکی صدارتی الیکشن میں 4 دن باقی، کس کا پلڑا بھاری؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)امریکی صدارتی انتخابات میں اب صرف 4 دن باقی رہ گئے ہیں اور اب تک قبل از انتخابات ووٹنگ میں 6 کروڑ سے زائد امریکی شہری اپنا ووٹ کاسٹ کرچکے ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق، ٹرمپ اور کملا ہیرس کی سوئنگ اسٹیٹس (سخت مقابلے والی ریاستوں) میں انتخابی مہم زور و شور سے جاری ہے اور ریپبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار کملا ہیرس میں سخت مقابلے کی پیشگوئی کی جارہی ہے۔
الیکشن کا دن جوں جوں قریب آرہا ہے، ٹرمپ اور کملا ہیرس کے ایک دوسرے پر تنقیدی حملوں میں بھی اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ حال ہی میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب میں ٹرمپ نے کملا ہیرس کو ہیلری کلنٹن سے بھی زیادہ نااہل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہیلری کم از کم ذہین تھیں، کملا ہیرس میں وہ خصوصیت بھی نہیں ہے۔
ٹرمپ نے اپنے خطاب میں خود کو خواتین کا محافظ بھی قرار دیا، جس پر کملا ہیرس نے ڈونلڈ ٹرمپ کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ امریکی عوام ٹرمپ کو جھوٹا سمجھتے ہیں۔ انہوں نے نویڈا کے شہریوں سے کہا کہ وہ غلطی نہ کریں، الیکشن ہم ہی جیتیں گے کیونکہ اب امریکا کو نوجوان قیادت کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ کملا ہیرس حال ہی میں 60 برس کی ہوئی ہیں جبکہ ان کے حریف سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی عمر 78 برس اور موجودہ صدر جوبائیڈن کی عمر 81 برس ہے۔

متعلقہ خبریں