اسلام آباد (قدرت روزنامہ) قومی اسمبلی میں انسداد دہشتگردی ترمیمی بل 2024 منظوری کیلئے قومی اسمبلی میں پیش کر دیا گیا ہے جس کے تحت کسی بھی مشتبہ شخص کو 3 ماہ تک حراست میں رکھا جا سکے گا .
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشتگردی ترمیم بل 2024 وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کی جانب سے قومی اسمبلی میں پیش کیا گیا .
مجوزہ ترمیم کے تحت مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ملکی سلامتی، دفاع اور امن و عامہ سے متعلق جرائم میں ملوث کسی شخص کو 3 ماہ تک حراست میں رکھنے کا اختیار ہوگا .
مجوزہ ترمیمی بل کے مطابق تاوان، بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ اور اغوا سے متعلق جرم پر بھی 3 ماہ زیر حراست رکھا جا سکے گا، حراست یا نظربندی کے دوران ملزم کو شفاف ٹرائل کا حق دیا جائے گا، 3 ماہ سے زائد نظربندی آرٹیکل 10 اے کے تحت ہو سکے گی، الزامات کی تحقیقات جے آئی ٹی کرے گی .
مجوزہ ترمیمی بل کے مطابق جے آئی ٹی مسلح افواج،سول آرمڈ فورسز ، انٹیلی جنس ایجنسیز کے نمائندوں اور ایس پی پولیس پر مشتمل ہوگی .
انسداد دہشت گری ایکٹ کی شق 11 کی ذیلی شق 4 ای میں ترمیم وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے لائی گئی ہے .
ڈپٹی سپیکر نے بل متعلقہ کمیٹی کو بھجوا دیا .
. .