پشاور(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 8نومبر کو پشاور میں ہونے والاجلسہ منسوخ کردیا . پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ جلسہ اب پشاور کے بجائے صوابی میں ہوگا .
میڈیا رپورٹس کے مطابق 8 نومبر کو پشاور میں ہونے والا پی ٹی آئی کا جلسہ اب صوابی میں ہوگا، پی ٹی آئی ورکرز کے لیے ٹینٹ ویلیج لگایا جائے گا جس میں پورے ملک سے عوام بھرپور شرکت کرے گی .
رپورٹس کے مطابق تبلیغی اجتماع کے باعث ٹینٹ ویلیج کی حتمی تاریخ کا فیصلہ نہیں ہوسکا ہے . اجتماع ختم ہونے کے فوراً بعد ہی پی ٹی آئی کا ٹینٹ ویلیج لگایا جائے گا .
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ صوابی میں ٹینٹ ویلیج کی تاریخ کا جلد اعلان کریں گے . تاہم، 10 نومبر کے بعد ہی صوابی میں ٹینٹ ویلیج آباد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے .
واضح رہے پارٹی قائدین، وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور، وزرا، ایم این ایز اور ایم پی ایز بھی ٹینٹ ویلیج میں قیام کریں گے .
خیال رہے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے عمران خان کی رہائی کے لیے 8 نومبر کو پشاور میں جلسے کا اعلان کیا تھا .
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ سرحد یونیورسٹی کے سامنے 8 نومبر بروز جمعہ دوپہر 2 بجے پاکستان تحریک انصاف کا عظیم الشان جلسہ ہوگا .
علی امین گنڈاپور نے کہاکہ عمران خان کی رہائی کی تحریک اب رکے گی نہیں، مشکلات کے باوجود ہم مقابلہ کریں گے .