عمران خان کو رہا کیا جائے، پی ٹی آئی کا برطانوی وزیراعظم کی رہائشگاہ کے سامنے احتجاج
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے لندن میں برطانوی وزیراعظم کی سرکاری رہائشگاہ کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
برطانوی وزیراعظم کی رہائشگاہ کے سامنے احتجاج کرنے والے افراد نے مطالبہ کیا ہے کہ پی ٹی آئی کا مینڈیٹ واپس کیا جائے تاکہ پاکستان میں سیاسی استحکام ہو۔
شرکا نے کہاکہ اگر پی ٹی آئی کا چھینا گیا مینڈیٹ واپس نہیں کیا جاتا تو ملک میں سیاسی استحکام کیسے آئے گا۔
پاکستان تحریک انصاف کے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے سینیئر پی ٹی آئی رہنما ذلفی بخاری نے کہاکہ عمران خان کو اڈیالہ جیل سے نکالا جائے، بانی پی ٹی آئی کے وکیل انتظار پنجوتھا کے ساتھ جو کچھ کیا گیا وہ قابل مذمت ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو مڈل ٹیمپل کا بینچر بنانے کی تقریب کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے احتجاج کیا تھا۔
قاضی فائز عیسیٰ کے تقریب سے باہر نکلتے ہی پی ٹی آئی کارکنان نے ان کی گاڑی پر حملہ کیا، اور مکے برسائے۔ جبکہ احتجاج کرنے والے شرکا سے ذلفی بخاری، ملیکہ بخاری، اظہر مشوانی اور دیگر نے خطاب کیا تھا۔