عالمی دنیا

امریکی انتخابات کے نتائج کے اعلان میں کتنا وقت لگ سکتا ہے؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)امریکا میں صدارتی انتخابات کے لیے پولنگ کے اوقات کار میں توسیع، ڈونلڈ ٹرمپ اور کملا ہیرس کے درمیان سخت مقابلے اور ووٹوں کی گنتی کے قواعد انتخابی نتائج کے حتمی اعلان کو متاثر کرسکتے ہیں۔
وقت بین الاقوامی مبصرین کے ساتھ لاکھوں امریکیوں کو امریکی صدارتی انتخابات کے نتائج جاننے کے لیے انتخابات کی رات سے آگے تک بھی انتظار کرنا پڑ سکتا ہے۔
امریکا میں ماضی انتخابی عمل اور اس کے نتائج کے اعلان سے یہ اخذ کرنا درست ہے کہ انتخابات کے دن حتمی نتائج شاذ و نادر ہی مکمل ہوتے ہیں۔ اس سال سرٹیفکیشن کے لیے مقامی اور ریاستی ڈیڈ لائن5 نومبر کے بعد 2 دن سے لے کر ایک ماہ تک ہے۔
سنہ 2000 اور سنہ 2020 کے صدارتی انتخابات کے نتائج میں گزشتہ 25 برسوں میں سب سے زیادہ تاخیر ہوئی ۔ سنہ 2000 کے انتخابات میں فریقین کے درمیان مقابلہ انتہائی سخت رہا اور ان کی جیت میں بہت کم فرق پایا گیا تھا اور اس کے نتیجے میں ہونے والی قانونی پیچیدگیوں کی وجہ سے نتائج التوا کا شکار رہے تھے جبکہ کووڈ 19 وبائی مرض کے دوران ڈاک کے ذریعے ووٹنگ میں اضافے کی وجہ سے 2020 کے نتائج سست روی کا شکار ہو گئے تھے۔
2024 میں پنسلوانیا اور وسکونسن میں ریاستی قوانین، جو انتخابات کے دن تک قبل از وقت ووٹوں کی گنتی پر پابندی عائد کرتے ہیں یہاں بھی نتائج کے اعلان میں تاخیر ہو سکتی ہے۔
پولنگ کے اوقات میں اضافہ، سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نائب صدر کملا ہیرس کے درمیان سخت مقابلہ اور ووٹوں کی گنتی کے قواعد جیسے عوامل نتائج کے اعلان کے وقت کو متاثر کرسکتے ہیں۔ تاہم حکام اس بات پر زور دیتے ہیں کہ تاخیر سے اعلان سے ٹیبلیشن کے عمل میں مسائل کی نشاندہی نہیں ہوتی۔
گزشتہ 6 امریکی صدارتی انتخابات کے نتائج کتنی تیزی سے سامنے آئے اس پر ایک نظر ڈالتے ہیں:
2020 کے نتائج کا اعلان کب کیا گیا تھا؟
صدر جو بائیڈن اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان 2020 کے انتخابات 3 نومبر کو ہوئے تھے، لیکن خبر رساں اداروں نے 4 دن بعد یعنی 7 نومبر کو بائیڈن کو فاتح قرار دیا تھا۔
2016 کے نتائج کا اعلان کب کیا گیا تھا؟
2016 میں ہیلری کلنٹن اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان مقابلہ کے نتائج کا اعلان 9 نومبر کی صبح 3 بجے سے کچھ دیر پہلے ہوا جس میں ڈونلڈ ٹرمپ کو فاتح قرار دیا گیا۔
2012 کے نتائج کا اعلان کب کیا گیا تھا؟
2012 کے انتخابات کے دن سابق صدر براک اوباما کی دوبارہ جیت کا اعلان 6 نومبر کی آدھی رات سے پہلے کیا گیا تھا۔
2008 کے نتائج کا اعلان کب کیا گیا تھا؟
2008 میں جان میک کین کے خلاف براک اوباما کی تاریخی فتح کا اعلان انتخابات ختم ہونے کے فوراً بعد 4 نومبر کی رات 11 بجے کے قریب ہی قرار دے دیا گیا تھا۔
2004 کے نتائج کا اعلان کب کیا گیا تھا؟
سنہ 2004 میں جان کیری کے مقابلے میں صدر جارج ڈبلیو بش کو 2 نومبر کو ہونے والے انتخابات کے ایک دن بعد صبح 11 بجے کے بعد فاتح قرار دیا گیا تھا۔
2000 کے نتائج کا اعلان کب کیا گیا تھا؟
2000ء میں الگور اور جارج ڈبلیو بش کے درمیان ہونے والے انتخابات کے نتائج کا اعلان بالآخر 5 ہفتوں کے بعد 12 دسمبر کو کیا گیا تھا۔ فلوریڈا میں قریبی مقابلے نے بحث، دوبارہ گنتی اور قانونی پیچیدگیوں کو جنم دیا تھا۔ الگور نے فلوریڈا میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست کی تھی جس کا فیصلہ بعد میں فلوریڈا کی سپریم کورٹ نے سنایا تھا۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *