پاکستان

آرمی چیف کی مدت ملازمت بڑھانے کا معاملہ: پی ٹی آئی اور جے یو آئی نے سر جوڑ لیے


پارلیمان سے منظور ہونے والی ترامیم سے متعلق مشاورت ہوگی
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پارلیمان سے ججز کی تعداد اور سروسز چیف کی مدت ملازمت بڑھانے کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے جعمیت علماء اسلام (جے یو آئی) سے رابطہ کرکے اہم ملاقات طے کرلی۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر علی کی قیادت میں پی ٹی آئی کا اعلیٰ سطحی وفد آج سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کرے گا۔پی ٹی آئی وفد آج دوپہر مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کرنے آئے گا۔
ملاقات میں پارلیمان سے منظور ہونے والی ترامیم سے متعلق مشاورت ہوگی جبکہ اپوزیشن جماعتیں آئندہ کی صورتحال پر لائحہ عمل طے کریں گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی نے سروسز چیفس کی مدت ملازمت اور ججز کی تعداد میں اضافے سے متعلق قومی اسمبلی اور سینیٹ سے پاس ہونے والے بلز کی منظوری دی تھی۔
قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی کے دستخط کے بعد تمام چھ ترمیمی بلز قانون بن گئے ہیں، ان تمام قوانین کو گزٹ نوٹیفکیشن کیلئے بھجوا دیا گیا ہے۔
قومی اسمبلی اور سینیٹ نے پیر کو چھ بلز کی منظوری دی تھی جس کے تحت آرمی، نیول اور ائیر فورس چیفس کی مدت اب تین سے بڑھ کر پانچ سال کردی گئی ہے۔
سینیٹ اور قومی اسمبلی نے سپریم کورٹ کے ججز کی تعداد 34 کرنے اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کی تعداد 9 سے 12 کرنے کا بل بھی کثرت رائے سے منظور کیا تھا جس کی صدر نے منظوری دے دی۔

متعلقہ خبریں