عالمی دنیا

امریکی انتخابات: جیت کے لیے کل کتنے الیکٹرول ووٹس درکار ہوتے ہیں؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اس وقت امریکی انتخابات میں پولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے، ایسے میں پوری دنیا کی نگائیں ان انتخابی نتائج پر لگی ہیں، لوگ جاننا چاہتے ہیں کہ کس امریکی ریاست میں ڈونلڈ ٹرمپ کا پلہ بھاری ہے، اور کہاں کملا ہیرس کو سبقت حاصل ہے۔
امریکی صدر کا انتخاب کیسے ہوتا ہے؟
امریکی صدارتی انتخابات فیصلہ پاپولر ووٹ یعنی براہِ راست عوام کے دیے گئے ووٹوں سے نہیں ہوتا۔ صدر کا انتخاب ایک خاص نظام کے ذریعے ہوتا ہے جس کے 2 مراحل ہیں۔
پہلے مرحلے میں رائے دہندگان اپنی اپنی ریاستوں کے مندوبین یا الیکٹورلز کا انتخاب کرتے ہیں۔ اس نظام کے تحت ریاست کی سطح پر ڈالے گئے ووٹوں کے بعد الیکٹورل کالج تشکیل پاتا ہے جس میں شامل مندوبین صدر کو منتخب کرتے ہیں۔
صدارتی امیدوار کی قسمت کا پانسہ کتنے ووٹ پلٹتے ہیں؟
50 امریکی ریاستوں اور دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کے لیے الیکٹورل ووٹ مقرر کیے گئے ہیں۔ مجموعی الیکٹورل ووٹس کی تعداد 538 ہے جو ہر ریاست کو اس کی آبادی کے اعتبار سے دیے گئے ہیں۔ اس مجموعی تعداد میں سے 270 الیکٹورل ووٹس حاصل کرنے والا امیدوار امریکا کا صدر منتخب ہو جاتا ہے۔