کراچی میں پانی بجلی کی بندش کے خلاف احتجاج
سڑک بند ہونے کے نتیجے میں بد ترین ٹریفک جام
کراچی(قدرت روزنامہ) بجلی اور پانی کی بندش کے خلاف عیسی نگری کے قریب مکینوں نے احتجاج کیا اورسڑک کو ٹریفک کے لئے بند کردیا ۔
سڑک بند ہونے کے نتیجے میں بد ترین ٹریفک جام ہوگیا جبکہ گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ۔
منگل کی شام بجلی اور پانی کی عدم فراہمی کے خلاف عیسی نگری کے قریب مکینوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور عیسی نگری کے قریب سڑک کو ٹریفک کے لئے بند کردیا.
احتجاج کے باعث بد ترین ٹریفک جام ہوگیا جس کے باعث لیاری ایکسپریس وے پر بھی ٹریفک کی روانی شدید متاثررہی.
احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ علاقے میں 12 گھنٹے کی زائد لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جبکہ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ بھی معمول بن چکاہے.
مظاہرین کا کہنا تھا کہ اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث علاقے میں پانی کی فراہمی بھی شدید متاثر ہے، متعدد بار واٹر کارپوریشن حکام کو بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ شیڈول سے متعلق آگاہ کرچکے ہیں تاہم ان کی جانب سے بھی پانی کی فراہمی کے لئے کوئی خاطر خواہ اقدام نہیں کیا جارہاہے۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ علاقے میں بجلی کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا فی الفور خاتمہ کیا جائے ، احتجاج کے باعث دفاتر سے چھٹی کرنے والے شہری ٹریفک جام میں پھنسے رہے اور شدید اذیت سے دوچار ہوئے۔
پولیس نے مظاہرین سے بات چیت کرکے منتشر کردیا ، مظاہرین پولیس کی یقین دہانی پر پر امن طور پر منتشر ہوگئے اور سڑک کو ٹریفک کے لئے کھول دیا ، ٹریفک پولیس نے سڑک پر ٹریفک کی روانی کو بحال کرادیا ۔