مریم نواز نے پنجاب سے اسموگ کے خاتمے کا ٹائم فریم دے دیا
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ اسموگ کا فوری طور پر حل نہیں ہوسکتا، تاہم چند سالوں میں اس پر قابو پالیں گے۔
لندن میں نواز شریف کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت اسموگ کے تدارک کے لیے ہرممکن اقدامات کررہی ہے، اور اس پر قابو پانے کے لیے پُرامید ہیں۔
انہوں نے کہاکہ علاج کے سلسلے میں بیرون ملک آنا پڑا، اور اب اللہ کا شکر ہے ٹھیک ہوں، ایئر پنجاب سروس شروع کرنے کے حوالے سے مشاورت جاری ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان اب مشکلات سے نکلتا ہوا نظر آرہا ہے، پنجاب میں بہت پوٹینشل ہے، ہمیں محنت کرنے والے لوگ چاہییں۔
مریم نواز نے کہاکہ معیشت کے حوالے سے اچھی خبریں آرہی ہیں اور میں پُرامید ہوں کہ پاکستان مشکلات سے نکل جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ ملک میں مہنگائی کم ہورہی ہے، جبکہ اسٹاک ایکسچینج تاریخ کی بلند ترین سطح 96 ہزار پر ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ نواز شریف کی سابق حکومت کے بعد اب پہلی دفعہ مہنگائی میں کمی ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔