ہم پر امید ہیں جیت ہماری ہو گی ، وزیر اعلیٰ بلوچستان
(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا کہنا ہےکہ ہم پر امید ہیں جیت ہماری ہو گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان بلوچستان اسمبلی پہنچ گئے ہیں، میڈیا سے غیر رسمی بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہم پر امید ہیں جیت ہماری ہو گی ،ناراض اراکین بالکل تحریک عدم اعتماد پیش کریں، فیصلہ آنے پر حقیقت سامنے آجائے گی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہاکہ ہمیں اپنے ساتھیوں پر اعتماد ہے اور ہم پر اعتماد ہیں،اپوزیشن حکومتی ارکان کے بل بوتے پر سیاست کررہی ہے،خوشی ہے کہ تمام اتحادی ہمارے ساتھ ہیں، تحریک عدم اعتمادایک جماعت کی طرف سےآئی ہے،ساڑھے 3 سال میں اتحادیوں کےساتھ تعلقات مضبوط ہوئےہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا ہےکہ تحریک عدم اعتماد پرووٹنگ پراسپیکردن منتخب کریں گے، آج تحریک عدم اعتماد پیش کی جائےگی ،بحث کی جائےگی۔
واضح رہےکہ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہو گی یا ناکام ؟ فیصلے کی گھڑی آن پہنچی ہے۔
وزیراعلیٰ بلو چستان کے خلاف تحریک عدم اعتماد آج بلوچستان اسمبلی میں پیش کی جائے گی، اسمبلی کا اجلاس شام 4 بجے طلب کیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے لیے 65 کے ایوان میں سے 33 ووٹ درکار ہیں۔
گزشتہ روز ناراض اراکین اور اپوزیشن جماعتوں کا مشترکہ اجلاس ہوا ، اجلاس میں اپوزیشن سمیت 36 اراکین نے شرکت کی۔
قائم مقام صدر بی اے پی ظہور بلیدی کا کہنا ہےکہ ہم نے اکثریت واضح کردی ،وزیراعلیٰ بلوچستان استعفیٰ دیں، اجلاس میں 36 اراکین شریک ہیں، ہمیں 40 اراکین کی حمایت حاصل ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ جام کمال نے مستعفی ہونے سے انکار کرتے ہوئے عدم اعتماد کی تحریک کا مقابلہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اس حوالے سے وزیراعلیٰ بلو چستان جام کمال نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپر ایک ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایاکہ پی ڈی ایم بلوچستان عوامی پارٹی سے مدد مانگ رہی ہے۔
ترجمان لیاقت شاہوانی کا کہنا ہےکہ وزیر اعلیٰ جام کمال کے پاس اکثریت ہے، وزیر اعلیٰ استعفیٰ نہیں دیں گے، رائے شماری کے روز اکثریت سامنے آ جائے گی۔
واضح رہےکہ بلوچستان میں سیاسی بحران میں شدت اور باپ پارٹی میں صدرات کی جنگ جاری ہے، وزیراعلیٰ جام کمال کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک ناراض و اتحادی جماعتوں کےاراکین نے جمع کروائی تھی۔