چیمپئینز ٹرافی؛ بھارتی انکار کا تحریری جواب 10 دن گزرنے کے بعد بھی نہ مل سکا
لاہور(قدرت روزنامہ)آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی پر پاکستان آنے سے بھارتی ٹیم کے انکار کا تحریری جواب 10 دن گزرنے کے بعد بھی نہ مل سکا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہنا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ابھی تک پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو بھارتی انکار کا تحریری جواب نہیں دیا۔
پی سی بی نے بھارت کے پاکستان ٹیم بھیجنے سے انکار کی تحریری وجہ مانگی تھی جبکہ ٹورنامنٹ کے شیڈول کا اعلان بھی تاخیر کا شکار ہے، جس سے براڈکاسٹنگ کمپنی کو بڑے مالی نقصان کا خدشہ ہے۔
اس معاملے کی وجہ سے آئی سی سی بورڈ ممبرز کی میٹنگ بلائے جانے کے امکانات بڑھ گئے ہیں جس میں بھارتی ٹیم کے انکار اور سیکیورٹی سمیت میزبانی کا فیصلہ ہوگا۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کے ہائبرڈ ماڈل پر راضی ہونے کی خبریں پھیلانا شروع کردی ہیں تاکہ آئی سی سی دباؤ بڑھا کر ایونٹ کو پاکستان سے منتقل کرنے کے منصوبے کو حتمی شکل دی جاسکے۔
ادھر گزشتہ ماہ اکتوبر میں ہونیوالی آئی سی سی کی بورڈ میٹنگ میں کسی ممبر ملک نے پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے ایونٹ پر اعتراض نہیں اٹھایا تھا جبکہ ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل چند مہینوں نے قبل بھارتی بورڈ نے سیکیورٹی کا بہانہ بناکر ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا۔