اسلام آباد

ریاست فسادیوں کے سامنے سرنڈر نہیں کرے گی، عظمیٰ بخاری


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ یہ کے پی کے کی سرحد عبور کرکے تماشا لگائیں گے۔ عام عوام کے بچے انقلاب میں شرکت کریں اور سڑکوں پر خوار ہوں، بغاوت کا سرغنہ اور ان کے بچے انقلاب میں شرکت نہیں کرسکتے۔ بشریٰ بی بی ا ور علی امین گنڈا پور ابھی تک سو رہے ہیں، بشریٰ بی بی نے اپنا موبائل فون بند کر رکھا ہے۔ ریاست فسادیوں کے سامنے سرنڈر نہیں کرے گی۔
احتجاج اور مظاہرے صرف واٹس ایپ پر نظر آرہے ہیں
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ الحمدللہ پنجاب میں سکون ہے، لوگ چھٹی منا رہے ہیں۔ احتجاج اور مظاہرے صرف واٹس ایپ پر نظر آرہے ہیں۔ پی ٹی آئی والوں کو تماشہ لگانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ ہم سب جنگجو کا انتظار کر رہے ہیں مگر کوئی نظر نہیں آرہا، آج فتنہ پارٹی کا فساد الجہاد اور مرو یا مارنے کا دن ہے۔
بشریٰ بی بی قوم کو جاگنے کا کہہ کر خود سو رہی ہیں
ان کا کہنا تھا کہ آج کسی نے پنجاب میں ان کی کہیں کوئی تیاری دیکھی ہے۔ پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی کے 104 ایم پی اے ہیں۔ پی ٹی آئی کے احتجاج میں ان کے بچے خود شامل نہیں ہیں، یہ دوسروں کے بچوں کو احتجاج میں شامل کررہے ہیں۔ انقلاب لانے والے ابھی تک سو رہے ہیں۔ بشریٰ بی بی قوم کو جاگنے کا کہہ کر خود سو رہی ہیں۔
پنجاب میں ان سے ایک ہزار لوگ بھی نہیں نکلے
وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی انقلاب کے لیے کیے جانیوالے احتجاج میں شرکت نہیں کرسکتیں۔ لاہور میں سکون ہے، لوگ ناشتہ کر رہے ہیں، چھٹی منا رہے ہیں۔ پنجاب میں ان سے ایک ہزار لوگ بھی نہیں نکلے۔ چند ٹولیاں نکلیں گی پھر گلیوں میں بھاگ جائیں گے۔ بتی چوک پر احتجاج کی کال دے کر آپ بھاگ نہ جائیں، ہم انتظار کر رہے ہیں۔
خیبر پختونخوا کے دہشتگرد پنجاب میں غنڈہ گردی کریں گے
ان کا کہنا تھا کہ لاہور اور پنجاب کے لوگ فتنہ فساد کے لیے نہیں نکلیں گے۔ بانی پی ٹی آئی کی رہائی نہیں ہوگی۔ خیبر پختونخوا کے دہشتگرد پنجاب میں غنڈہ گردی کریں گے۔ بغاوت کا سرغنہ بھی انقلاب میں شرکت نہیں کر سکتا۔ عام شہری ہی انقلاب میں شرکت کرکے ثواب دارین حاصل کریں گے۔
بشریٰ بی بی نے پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کی
عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ ویڈیو پیغام کے بعد بشریٰ بی بی کا نمبر ہی بند ہے۔ بشریٰ بی بی نے اپنے پیغام میں پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کی، جھوٹ کی بنیاد پر پاکستان کے عوام کو شرمندہ کیا، بشریٰ بی بی کے بیانات نے دوست ممالک سے تعلقات کو داؤ پر لگادیا۔ بشریٰ بی بی کو تمام سوالات کے جوابات دینا پڑیں گے۔ ان کو تکلیف یہ ہے کہ ملک میں سرمایہ کاری آرہی ہے۔
علی امین گنڈا پور نے واپس جانا بھی ٹاپو ٹاپ ہوتا ہے
ان کا کہنا تا کہ یہ ڈی چوک کی طرف نہیں جا سکتے اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ موجود ہے، علی امین گنڈا پور نے واپس بھی ٹاپو ٹاپ ہی جانا ہوتا ہے۔ جنہوں نے انقلاب لانا ہے وہ سب جنگجو سورہے ہیں، پنجاب کے لوگ اس فساد کے لیے بالکل تیار نہیں۔ انہوں نے جب بھی احتجاج کی کال دی ہے پنجاب اور لاہور کے لوگوں نے مسترد کیا۔
شرم دلانے کے باوجود علی امین گنڈاپور نہ کرم گیا نہ پارا چنار
ان کا کہنا تھا کہ میں انتظار کررہی تھی کہ احتجاج کی کال پر بانی پی ٹی آئی کے بچے کب آئیں گے؟ پی ٹی آئی کے آدھے لوگ ورک فرام ہوم کریں گے اور آدھے ورک فرام سٹی کریں گے۔ شرم دلانے کے باوجود بھی علی امین گنڈاپور نہ کرم گیا نہ پارا چنار۔ مطلوب دہشتگرد گرفتار ہورہے ہیں، جنہوں نے اس فساد میں شریک ہونا تھا۔ کل پارک ٹاور ایف 10 سے 3 دہشتگرد گرفتار ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ عمران الیاس اور شہباز گل وغیرہ جعلی ویڈیوز ڈال کر فیس بک اور واٹس ایپ پر انقلاب لائیں گے۔ اس خبر کا انتظار ہے کہ قاسم اور سلیمان نے پاکستان کی ٹکٹ کرالی اور انقلاب میں شریک ہوں گے۔ ان کے اپنے بچے احتجاج سے دور، عوام کے بچوں کو احتجاج میں جھونکا جارہا ہے۔ علی امین گنڈاپور نے آج اڈیالہ جیل کے دروازے کھلوانے تھے، پنجاب کے لوگ اس فساد میں شرکت کے لیے بالکل تیار نہیں، چند مجبور ٹولیوں کے سوا کوئی ان کے احتجاج کا حصہ نہیں بنے گا۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *