حکومت اور ادارے عوام کے سرومال اور عزت کے تحفظ کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں، پشتونخوا نیپ
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ معصوم بچے مصورخان کاکڑ کی باحفاظت بازیابی میں حکومت اور ان کے تمام ادارے مکمل ناکامی سے دوچار ہے اور اپنی ناکامی اور اختیارات سے محرومی اور اپنے عوام دشمن پالیسیوں کو چھپانے کی خاطر تمام صوبے میں دفعہ 144 کا نفاذ کرکے پر امن جمہوری احتجاج کی راہ روکنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں جو قابل مذمت اور قابل گرفت ہے صوبے کے غیور اقوام و عوام آج پہیہ جام کی تاریخی ہڑتال کو کامیاب کرکے حکومت اور ان کے اداروں پر اپنی عدم اعتماد کا بھرپور اظہار کریں ان خیالات کا اظہار پشتونخوانیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے، مرکزی سیکریٹری سردار گل مرجان کبزئی، صوبائی ڈپٹی سیکریٹری ندا سنگر اور پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے ممبر ظاہر خان کاکڑ نے احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ معصوم بچے مصور خان کو اغوا ہوئے آج گیارواں دن اور پہلے روز سے تمام عوام سراپا احتجاج ہے صوبے کے تمام سیاسی، مذہبی پارٹیوں، تاجروں، چیمبر آف کامرس، قبائلی عمائدین، علما کرام، ٹرانسپورٹروں، طلبا، وکلا سمیت ہر شعبہ زندگی کے نمائندوں اور غیور عوام کا متفقہ مطالبہ ہے کہ معصوم بچے مصورخان کاکڑ کی باحفاظت بازیابی کیلئے فوری اقدامات کیئے جائیں اور اغوا کار گروہ کے خلاف باعمل کاروائی کی جائے لیکن فارم 47 کی نام نہاد حکومت ان کے وزیر اعلی، وزرا، چیف سیکریٹری، آئی جی سمیت سب بے حسی اور غفلت کا مظاہرہ کررہے ہیں اور حکومت اور ان کے تمام ادارے عوام کے سرومال اور عزت کے تحفظ کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور ان کے ادارے اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنے کی بجائے دفعہ 144 کا بلاجواز اور غیر قانونی نفاذ کرکے صوبے کے غیور اقوام و عوام پر سیاسی جمہوری اور پرامن جدوجہد اور احتجاج کی راہ بند کرنے کی سازشوں میں مصروف ہے جو صوبے کے اقوام و عوام کو ایسی پابندی کسی صورت قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی عہدیدار اور کارکن آج 25 نومبر کو تمام اضلاع میں صبح ہی سے پہیہ جام ہڑتال کامیاب بنانے میں دوسرے پارٹیوں اور اتحادیوں کے ساتھ ملکر اپنا کردار ادا کریں۔