بلوچستان میں ٹارگٹڈ آپریشن ہوگا، وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کا اعلان
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے اعلان کیا ہے کہ بلوچستان میں ٹارگٹڈ آپریشن ہوگا اور جہاں تخریب کاروں کے کیمپ ہیں اُن علاقوں میں کارروائیاں کی جائیں گی۔
کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ مغوی طالب علم مصور کاکڑ کی بازیابی کیلیے حکومت ہر ممکن کوشش کررہی ہے، بہت ساری باتیں میڈیا پر بتائی نہیں جاسکتیں۔
انہوں نے کہا کہ مصور کاکڑ میرے بچوں کی طرح ہے اور انشاء اللہ ہم اُس کی بحفاظت یازیابی کو یقینی بنائیں گے۔
وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ بلوچستان میں آپریشن ٹارگٹڈ ہوگا،جہاں تخریب کاروں کے کیمپ ہیں وہاں آپریشن ہوگا۔ انہوں نے آپریشن کی تنقید کرنے والی جماعتوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پھر آپ لوگ بتائیں آپریشن کے علاوہ امن و امان کے قیام کا حل کیا ہے۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ کیا ہم صوبے میں اسی طرح کشت وخون ہوتا دیکھتے رہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں وزیراعلیٰ کی تبدیلی کی افواہوں پر یقین نہیں رکھتا جب تک ایوان کا اعتماد ہے میں ہی وزیراعلیٰ رہوں گا۔