احتجاج کا تیسرا دن: تحریک انصاف کا قافلہ زیرو پوائنٹ سے بڑھ کر چائنہ چوک پہنچ گیا
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتحاج کا آج تیسرا روز ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا گنڈا پور اور اہلیہ عمران خان بشریٰ بی بی کی قیادت میں پی ٹی آئی کا احتجاجی قافلہ زیرو پوائنٹ سے بڑھ کر چائنہ چوک پہنچ گیا۔ پولیس احتجاجی شرکا کو روکنے کے لیے مسلسل آنسو گیس کی شیلنگ کررہی ہے۔
صورتحال سے نمٹنے کے لیے سیکیوٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ چائنہ چوک پر شدید شیلنگ جاری ہے جبکہ واٹر کینن بھی پہنچا دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں چائنہ چوک پر رینجرز کی مزید نفری پہنچ گئی ہے۔
گوگل میپ کے مطابق چائنہ چوک سے ڈی چوک تک کا راستہ تقریباً دو کلو میٹر ہے۔
تحریک انصاف کا قافلہ جی 9 کے قریب پہنچ گیا، قافلہ جی 9 سگنل کی رکاوٹیں عبور کرگیا، پولیس اور رینجرز نے جی 9 سگنل سری نگرہائی وے پر مورچے سنبھال لیے۔
پی ٹی آئی کا قافلہ رکاوٹیں عبور کرنے کے بعد جی 9 سگنل سری نگرہائی وے کی طرف پیش قدمی کررہا ہے، جی 9 سگنل پر بھی پولیس اور انتظامیہ نے کنٹینرز لگا کر رکاوٹ کھڑی کر رکھی ہے جبکہ ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد پولیس علی رضا علوی آپریشن کو لیڈ کررہے ہیں۔
راستوں کی بندش کے باعث شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے جبکہ سڑکوں پر خوف کا عالم برقرار ہے، امن و امان کی صورت کے پیش نظرآج دوسرے روزبھی تعلیمی سرگرمیاں مکمل طور پر معطل ہیں، جڑواں شہروں میں سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بند ہیں جبکہ پیپر بھی منسوخ کردیے گئے۔
اس کے علاوہ جڑواں شہروں میں چلنے والی میٹروبس سروس آج چوتھے روز بھی بند ہے، گرین لائن اور بلیو لائن سمیت پبلک ٹرانسپورٹ بھی نہیں چل رہی، شہر اقتدار میں بگڑی صورتحال کے باعث سرکاری اور پرائیویٹ دفاتر میں حاضری میں معمول سے انتہائی کم ہے۔
اس سے قبل نصف شب کے بعد پی ٹی آئی کارکن 26 نومبر چونگی پر بڑی رکاوٹ عبور کرنے میں کامیاب ہوئے جس کے بعد سرینگر ہائی وے پر جھڑپیں ہوئیں لیکن یہ محدود تھیں۔
اسی دوران شرپسندوں نے گاڑی رینجرز اہلکارون پر چڑھا دی جس کے نتیجے میں چار اہلکار شہید ہوگئے۔ اور فوج کو طلب کر لیا گیا۔
تاہم پی ٹی آئی کا قافلہ آگے بڑھا اور جلد ہی جی الیون پہنچ گیا جہاں سے ڈی چوک کا فیصلہ 14 کلومیٹر ہے۔ جی الیون کے بعد قافلہ بتدریج بڑھتا ہوا جی نائن اور آگے تک پہنچا۔
جی الیون پہنچ کر بشریٰ بی بی نے کنٹینر سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم درخواست کر رہے ہیں کہ لوگ پر امن رہیں، یہ آپ کے بہن بھائی ہیں جو آ رہے ہیں، کارکنان ڈی چوک پہنچیں گے۔
اطلاعات کے مطابق علی امین گنڈا پور 26 نمبر پر ہی ہیں اور بشری بی بی قافلے کی خود قیادت کر رہی ہیں۔