عمران خان سنگجانی میں دھرنے پر آمادہ تھے لیکن بشریٰ بی بی نے انکار کیا، بیرسٹر سیف کا انکشاف
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر سیف نے انکشاف کیا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان سنگجانی میں دھرنے پر آمادہ تھے لیکن ان کی اہلیہ اور سابق خاتون اول بشریٰ بی بی نے اس حوالے سے انکار کردیا۔
سماء ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ترجمان کے پی حکومت بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ عمران خان سنگجانی میں دھرنے پر آمادہ تھے اور انہوں نے جگہ کے تعین سے متعلق آمادگی کا اظہار کر دیا تھا۔بیرسٹر سیف نے انکشاف کیا کہ بشریٰ بی بی نے جگہ کی تبدیلی کے حوالے سے انکار کر دیا۔بیرسٹر سیف نے بتایا کہ بشریٰ بی بی نے ڈی چوک کےعلاوہ کہیں بھی احتجاج سے انکار کر دیا اور انہوں نے صف اول کے لیڈر کا کردار ادا کیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیر داخلہ محسن نقوی کا بھی اہم بیان سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ پیچھے بیٹھا خفیہ ہاتھ پی ٹی آئی کو کنٹرول کر رہا ہے اور اس فساد کی جڑ صرف ایک خفیہ ہاتھ ہے جو سب پر بھاری ہے۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ ان کی لیڈر شپ بات کرنا چاہتی تھی مگر ایک یہ خفیہ ہاتھ سب پر بھاری ہے، خفیہ ہاتھ کے ارادے کچھ اور ہیں۔