سینئر صحافی مطیع اللہ جان اور کورٹ رپورٹر شاکر اعوان اغواء
نامعلوم افراد مطیع اللہ جان کو اسلام آباد میں پمز ہسپتال کی پارکنگ جب کہ شاکر اعوان کو ان کے گھر سے اٹھاکر لے گئے
اسلام آباد/ لاہور (قدرت روزنامہ) سینئر صحافی مطیع اللہ جان اور کورٹ رپورٹر شاکر اعوان کو اغواء کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق معروف صحافی مطیع اللہ جان کو اسلام آباد کے پمز ہسپتال کی پارکنگ سے نامعلوم افراد نے مبینہ طور پر اغوا کر لیا، مطیع اللہ جان کے بیٹے سمیت اسلام آباد کے کئی صحافیوں نے مطیع اللہ جان کے اغواء کی اطلاعات دی ہیں، اس حوالے سے مطیع اللہ جان کے بیٹے عبدالرزاق نے بتایا کہ ان کے والد کو پمز کی پارکنگ سے نامعلوم اغوا کاروں نے سینئر کورٹ رپورٹر ثاقب بشیر کے ہمراہ نامعلوم گاڑی میں اغوا کیا گیا، تاہم ثاقب بشیر کو کچھ ہی دیر بعد چھوڑ دیا گیا، بشیر انکل کو کہا آپ کا مسئلہ نہیں ہے، مطیع اللہ جان کا مسئلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’نامعلوم گاڑیوں میں سوار نامعلوم افراد نے اپنا کوئی تعارف نہیں کرایا کہ پولیس سے ہیں یا رینجرز سے ہیں یا کوئی اور ہیں، میں مطالبہ کرتا ہوں میرے والد کو فوری طور پر چھوڑ دیا جائے اور ان کے اہل خانہ کو فوری طور پر ان کے ٹھکانے کے بارے میں مطلع کیا جائے‘، بعد ازاں اطلاعات ملیں کہ مطیع اللہ جان اسلام اباد کے مارگلہ پولیس سٹیشن میں موجود ہیں۔
دوسری طرف لاہور سے صحافی اور سینئر کورٹ رپورٹر شاکر محمود اعوان کو گزشتہ رات ایف آئی اے اہلکاروں سمیت درجنوں نامعلوم افراد نے ان کے گھر سے اغوا کر لیا، انہوں نے سی سی تی وی کیمرے توڑ دیئے اور موبائل فون سمیت دیگر قیمتی اشیاء بھی ضبط کرلیں۔