پاکستان

ملک میں انتشار اور تشدد کی سیاست کی اجازت نہیں دی جاسکتی: عطاءتارڑ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ ) وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ملک میں انتشار اور تشدد کی سیاست کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطاءتارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت اس وقت ترقی کے راستے پر گامزن ہے، پاکستان میں 7 ماہ کے دوران کئی غیر ملکی وفود نے دورہ کیا، پی آئی اے کی یورپ کے لئے پروازوں کی بحالی پاکستان کے لئے اچھی خبر ہے جبکہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 11 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکے ہیں۔
تحریک انصاف کے احتجاج اور بعد کی صورت حال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے لاشوں کی سیاست کرتے ہیں، پی ٹی آئی والے لاشوں سے متعلق پرانی ویڈیوز، تصاویر سوشل میڈیا پر چلا رہے ہیں، ریاست نے فیصلہ کیا ہے کہ انتشار اور تشدد کی سیاست کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
عطا تارڑ نے کہا کہ بشریٰ بی بی کی جانب سے جھوٹا پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے، پی ٹی آئی والے سکیورٹی اہل کاروں کی فائرنگ کا جھوٹا پراپیگنڈا کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک ایسی تصویر بھی شیئر کی گئی جس میں بلیو ایریا کی سڑک کو ’خون آلود‘ دکھایا گیا تھا جس کے بعد میں نے اس سڑک پر جاکر ویڈیو بنائی اور ایک ایک انچ دکھایا جہاں خون کا ایک دھبہ تک نہیں تھا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ابھی تک 3 دن گزر چکے ہیں لیکن یہ جماعت فائرنگ کی کوئی ایک تصویر یا ویڈیو پیش نہیں کر سکی، پی ٹی آئی کے رہنماﺅں کی جانب سے مظاہرین کی ہلاکتوں کے متضاد اعداد و شمار کے دعوے کئے گئے لیکن پمز اور پولی کلینک ہسپتالوں کا کہنا ہے کہ ان کے پاس کوئی لاش نہیں لائی گئی۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *