چیمپیئنز ٹرافی کے ہائبرڈ ماڈل پر پہلے ہی دستخط ہوچکے تھے، شعیب اختر کا دعویٰ
A hybrid model of the Champions Trophy had already been signed, claims Shoaib Akhtar
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے کہا ہے کہ چیمپیئنز ٹرافی کے لیے ہائبرڈ ماڈل پر پہلے ہی دستخط کیے جاچکے تھے۔
پی ٹی وی سپورٹس پر ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شعیب اختر نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی مخلص ہیں، اسٹیڈیمز کی تعمیر و مرمت کا کام جاری ہے اور یہ کام وقت پر مکمل ہوجائیں گے، چیمیئنز ٹرافی سے متعلق محسن نقوی کا ایک مؤقف تھا جو بالکل ٹھیک تھا لیکن میرے خیال میں ہائبرڈ ماڈل پر پہلے ہی دستخط ہوچکے تھے۔
شعیب اختر نے کہا کہ اپنی فیس سیونگ کے لیے بیانات اچھے ہیں، آپ کو تخمینے کے مطابق قیمت ادا کی جارہی ہے اور ریونیو جنریشن کے لیے زیادہ پیسے دیے جارہے ہیں جو کہ ایک اچھی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مؤقف اپنی جگہ بالکل درست تھا، اس مؤقف کو پیش کرنا ضروری تھا کیونکہ ایک ایسا ملک جو چیمپیئنز ٹرافی کھیلنے پاکستان نہیں آرہا اور ریونیو میں بھی اس کا حصہ زیادہ ہو تو پھر یہی مؤقف اختیار کیا جانا چاہیے تھا۔
سابق کرکٹر کا کہنا تھا کہ اگر مستقبل میں انڈیا میں کھیلنے کا معاملہ ہو تو ہمیں چاہیے کہ دوستی کا ہاتھ بڑھائیں اور بڑے پن کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ میرا ماننا ہے کہ انڈیا کو ان کے ملک میں جاکر شکست دینی چاہیے۔