سپیشل ہیروزکی حوصلہ افزائی اورمعاونت کرنااجتماعی ذمہ داری ہے:مریم نواز
لاہور (قدرت روزنامہ ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ سپیشل ہیروز کی حوصلہ افزائی اور معاونت کرنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔
سپیشل افراد کے عالمی دن پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ قوم کے سپیشل ہیروز کو سلام، آپ ہمارا فخر ہیں، معاشرے کی اصل خوبصورتی یہ ہے جب سپیشل ہیروز کو مساوی حقوق اور مواقع فراہم ہوں۔
مریم نواز نے کہا ہے کہ خصوصی افراد اپنے جذبے سے دنیا کو حیران کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، سپیشل ہیروز کی حوصلہ افزائی اور معاونت کرنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے، پنجاب حکومت خصوصی افراد کی زندگیوں کو آسان اور باوقار بنانے کیلئے ضروری اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ نادار سپیشل ہیروز کے لئے “ہمت کارڈ” لانچ کیا ہے، ہمت کارڈ سے نادار سپیشل افراد کو ہر سہ ماہی میں ساڑھے 10 ہزار روپے ملیں گے، سپیشل افراد اورنج لائن، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میٹروبس میں بھی ہمت کارڈ کے ذریعے مفت سفر کرسکتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ سپیشل ہیروز کو ہیرنگ ایڈ، ویل چیئر اور مصنوعی اعضا بھی فراہم کئے جا رہے ہیں، لاہور میں پاکستان کا پہلا سرکاری آٹزم سینٹر بنائیں گے، خصوصی تعلیم کے فروغ کے لئے جدید سہولیات سے آراستہ سینٹر قائم کئے جارہے ہیں۔
مریم نواز نے مزید کہا ہے کہ سپیشل ہیروز کے لئے میرے در ہمیشہ کھلے ہیں، پنجاب ایسی ترقی کرے گا کہ کوئی بھی ترقی سے پیچھے نہ رہے گا، سپیشل افراد ہمدردی کے نہیں بلکہ عزت اور عملی اقدامات کے مستحق ہیں۔