ڈی چوک یا سنگجانی جانا ہمارا اندرونی معاملہ تھا، سوال یہ ہے کہ گولی کیوں چلائی گئی؟ علی محمد خان کا استفسار
راولپنڈی(قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان کا کہنا ہے کہ ڈی چوک یا سنگجانی جانا ہمارا اندرونی معاملہ تھا،ہمارا سوال صرف یہ ہے کہ گولی کیوں چلائی گئی۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما علی محمد خان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ پاکستان کی محبت میں سرشار اسلام اباد آئے کہ ان کی فریاد سنی جائے گی،انہیں کیا معلوم تھا کہ یہاں اُن کی جان چلی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت نے ابھی تک بارہ لوگوں کی اموات کنفرم کی ہیں کبھی نہیں دیکھا کوئی مرتے وقت اپنے خون سے اپنے لیڈر کا نام لکھے یہ صرف پی ٹی آئی کے کارکنان نہیں پاکستان کے شہری تھے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی محمد خان کا مزید کہنا تھا کہ ہم شہیدوں کو نہیں بھولیں گےقوم اج بھی انصاف کی متلاشی ہے بانی پی ٹی ائی کی رہائی اس تمام معاملہ کے حل کے لئے جادو کی کنجی ہے۔