پاکستان ریلوے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نثار احمد میمن نے آج فیس بک لائیو کھلی کچہری کا انعقاد کیا

(قدرت روزنامہ)پاکستان ریلوے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نثار احمد میمن نے آج فیس بک لائیو کھلی کچہری کا انعقاد کیا ہے . تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلوے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نثار احمد میمن نے آج ریلوے ہیڈ کوارٹرز آفس لاہور میں فیس بک لائیو کھلی کچہری میں ریلوے ملازمین اور عام لوگوں کی ریلوے سے متعلق ضروریات اور مسائل سنے .

اس کھلی کچہری کا انعقاد وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے احکامات اور وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی کی خصوصی ہدایت پر کیا گیا . ذرائع کا کہنا ہے کہ دوپہر2 بجے سے سہ پہر 4 بجے تک فیس بک لائیو کھلی کچہری جاری رہی جس میں ملک بھر سے سینکڑوں لوگوں نے اپنی اپنی رائے کا اظہار کیا . اس فیس بک لائیو کھلی کچہری میں 11 ہزار لوگوں نے سی ای او ریلوے تک اپنے پیغامات پہنچائے جبکہ 14 ہزار لوگوں نے اس کو دیکھا اور 101 لوگوں نے اس کو شیئر کیا . ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کھلی کچہری میں ریلوے ملازمین نے چیف ایگزیکٹوآفیسر پاکستان ریلویز نثار احمد میمن کو محکمانہ پروموشن، گریجویٹی/پنشن کی رقم کی ادائیگی، جی پی ایف، کوارٹروں کی الاٹمنٹ، ریلوے میں ٹی ایل اے اور پی ایم پیکج کی ریگولائزیشن، مغلپورہ میں خالی جگہ پر پارک بنانے، باجا لائن اور مغلپورہ کالونی میں صفائی، گڑھی شاہو میں نئے تعمیر ہونے والے فلیٹس میں گیس کی فراہمی سمیت دیگر مسائل بتائے . چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلوے نے ان تمام مسائل کو ریلوے پالیسی کے مطابق حل کرنے کی ہر ممکن یقین دہانی کروائی ہے . چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلوے نے کہا کہ اس فیس بک لائیو کھلی کچہری کا بنیادی مقصد پاکستان ریلوے اور عوام کے درمیان رابطہ قائم کرنا اور ان کے مسائل کے فوری حل کو یقینی بنانا ہے . ذرائع کا کہنا ہے کہ عوام الناس نے چیف ایگزیکٹو آفیسرپاکستان ریلوے کو مختلف سیکشنوں پر مزید مسافر ٹرینیں چلانے اور نئے اسٹاپ دینے کے علاوہ برانچ لائنوں پر ٹرینوں کے ساتھ اضافی/اے سی کوچز لگانے اور مختلف اسٹیشنوں پر سہولیات کی فراہمی جیسے مسائل حل کرنے کی درخواست کی ہے . نثار احمد میمن نے کہا کہ ویکسینیشن کے بغیر مسافر سفر نہیں کر سکتے جس پر ہم عمل کر رہے ہیں . چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلوے نے ملازمین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہر ممکن یقین دہانی کروائی اور عوام الناس کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ کوویڈ کی صورتحال بہتر ہوتے ہی آہستہ آہستہ تمام ٹرینیں بحال کر دی جائیں گی، البتہ بولان یا اکبر ایکسپریس میں سے کسی ایک ٹرین کو کوئٹہ کے لیے اگلے مہینے بحال کر دیا جائے گا . چیف ایگزیکٹو آفیسر نثار احمد میمن کا مزید کہنا تھا کہ لوگوں کی شکایات براہ راست سننے کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا تاکہ ریلوے ملازمین اور دوسرے لوگوں کے مسائل کو فوری طور پر حل کیا جا سکے . ذرائع کا کہنا ہے کہ اس موقع پر متعلقہ شعبے کے افسران بھی موجود رہے . . .

متعلقہ خبریں