پیرس کے بعد یورپ کے دیگر شہروں کے لیے پی آئی اے اور ائیر بلیو کی پروازیں کب شروع ہوں گی؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)یورپ کے لیے پاکستان انٹر نیشنل ائیر لائنز کی پروازوں کی بحالی کے بعد پی آئی اے کی سب سے پہلی پرواز پیرس جائے گی جبکہ دیگر کون کون سے شہر ہیں جہاں پروازوں کا آغاز جلد متوقع ہے۔ پی آئی اے کے علاوہ ائیر بلیو بھی یورپ کے لیے پروازوں کا آغاز کرنے جا رہی ہے جبکہ بنگلہ دیش کے حوالے سے پروازوں سے متعلق کچھ تکنیکی مسائل درپش ہیں۔
ترجمان پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز عبداللہ خان کا کہنا ہے کہ اس وقت تو صرف پیرس کے لیے پروازوں کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ پیرس کا فلائٹ آپریشن مکمل ہونے کے بعد ہم یورپ کے دوسرے شہروں کی طرف پی آئی اے کا آپریشن بڑھائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت مکمل توجہ پیرس کی طرف ہے۔ پہلے ہم پیرس کی پروازیں بڑھائیں گے اس کے بعد ہم دوسرے مقامات کی طرف جائیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پی آئی اے کے علاوہ ائیر بلیو بھی یورپ کے لیے پاکستان سے پروازوں کا آغاز کرے گی لیکن ابھی تک انہوں نے اپنا شیڈول جاری نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ائیر بلیو لندن سے پہلی پرواز کا آغاز کرنا چاہتا ہے لیکن لندن کے لیے ابھی تک سرکاری سطح پر اجازت نہیں مل سکی جس کی وجہ سے ائیر بلیو کے فلائٹ آپریشن میں کچھ تاخیر ہو سکتی ہے کیوں کہ اب تک سرکاری سطح پر لندن کی پروازیں شروع ہونے میں کچھ دن لگ سکتے ہیں۔
بنگلہ دیش میں پی آئی اے کی پرواز کی بحالی سے متعلق ترجمان کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش اور پاکستان کے مابین کمرشل ٹریفک بہت کم ہے۔ اس سے قبل بھی ڈھاکہ سے آنے والے مسافر سعودی عرب یا اومان کے راستے آتے تھے لیکن اب بھلے پی آئی اے کی پروازیں بحال ہوئی ہوں لیکن بنگلہ دیش سے پاکستان آنے یا جانے والوں کی تعداد بہت کم ہے جس کی وجہ سے پروازیں براہ راست شروع ہونے میں شاید وقت لگ جائے۔