آدمی طلاق کے بعد خوشی سے نہال ، پارٹی رکھ لی، بیوی کے مجسمے کے ساتھ تصاویر بنواتا رہا
چندی گڑھ (قدرت روزنامہ) جس طرح شادی سے پہلے کی تقریبات اور شادی کے بعد کے فوٹو شوٹس عام ہو چکے ہیں، طلاق کی تقریبات کا تصور، جو بیرونِ ملک مقبول ہے، اب بھارت میں بھی مقبولیت حاصل کرتا نظر آ رہا ہے۔ حال ہی میں ریاست ہریانہ کے ایک شخص کی انوکھی طلاق کی تقریب سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے۔
نیوز 18 کے مطابق منجیت نے 2020 میں کومل سے شادی کی تھی۔ ایک ناخوشگوار ازدواجی زندگی گزارنے کے بعد اس سال انہوں نے طلاق کے ذریعے علیحدگی اختیار کرلی۔ اپنی علیحدگی کو یادگار بنانے کے لیے منجیت نے ایک طلاق پارٹی کا انعقاد کیا، جس میں ایک پوسٹر لگایا گیا جس پر ان کی شادی کی تصویر، شادی کی تاریخ، اور طلاق کی تاریخ درج تھی۔ تقریب میں کئی کیکس بھی شامل تھے، جنہیں منجیت نے اپنی “آزادی” کا جشن منانے کے لیے کاٹا۔
اس غیر روایتی تقریب کو مزید منفرد بنانے کے لیے منجیت نے ایک پتلے کو بھی تقریب کا حصہ بنایا، جس کے بارے میں کہا گیا کہ وہ ان کی سابقہ بیوی کی نمائندگی کررہا تھا۔ منجیت نے اس پتلے کے ساتھ تصاویر بھی کھنچوائیں۔ سوشل میڈیا پر اس انوکھی طلاق پارٹی کی ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔