عمران خان اپنے بڑوں کو سمجھا دو، مسلم لیگ(ن) مفاہمت پسند جماعت نہیں رہی، مریم نواز

(قدرت روزنامہ)پاکستان مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان اپنے بڑوں کو سمجھا دو کہ مسلم لیگ(ن) اب پرانی مفاہمت پسند جماعت نہیں رہی بلکہ مزاحمت اور اپنے حق کے لیے آواز اٹھانا سیکھ گئی ہے . آزاد کشمیر میں جاری انتخابی مہم کے سلسلے میں پلندری میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ آزاد کشمیر نے جلسوں کا انداز ہی بدل دیا ہے اور اب مجھے پتہ ہی نہیں چلتا کہ جلسہ کہاں سے شروع ہوتا ہے اور کہاں ختم ہوتا ہے اور مجھے خوشی ہے کہ آج آپ کا لیڈر محمد نواز شریف ویڈیو کال سے اس جلسے میں شامل ہوا .

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف سے آپ کی محبت دیکھ کر میرے رونگٹے کھڑے ہو گئے اور مجھے آج وہ پوری داستان یاد آ گئی کہ پانچ، چھ سال سے نواز شریف کو آپ کی خاطر کھڑا رہنے پر جو جو سزائیں دی گئیں، جن جن مظالم کا نشانہ بنایا گیا، یقین مانیں کہ آج بھی جب میں اس کے بارے میں سوچتی ہوں تو دل دہل جاتا ہے . انہوں نے کہا کہ جب آپ خود کو خدا سمجھنے لگتے ہیں، جب آپ سمجھنا شروع کردیتے ہیں کہ لوگوں کی زندگیاں بنانا اور مٹانا، عزتیں بڑھانا اور ختم کرنا، تباہ و برباد کرنے کا ذمہ خود لے لیتے ہیں تو آپ اللہ تعالیٰ کی حدود میں دخل اندازی کرتے ہیں . مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر نے کہا کہ نواز شریف کے دشمنوں نے ان کے ساتھ کیا کیا نہیں کیا، پوری ریاست نواز شریف کی دشمنی میں جھونک دی، ریاست کی پوری طاقت، تمام ریاستی ادارے عوام کی خدمت کے بجائے نواز شریف پر ظلم ڈھانے میں جھونک دیے اور ان کی دشمنی میں اتنا استعمال کیا کہ ریاستی ادارے کے سربراہ خود بول اٹھے کہ خدا کا خوف کرو، اتنا ظلم مت کرو . ان کا کہنا تھا کہ جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کہا کہ جب مجھے نواز شریف اور مریم نواز کی ضمانت کا کیس سننا تھا تو مجھے ایک ادارے کے سربراہ کی جانب سے کہا گیا کہ مریم اور نواز شریف کو ضمانت مت دینا ورنہ ہماری دو سال کی محنت بے کار ہو جائے گی اور احتساب عدالت کا جج ارشد ملک بھی اللہ تعالیٰ کے خوف سے بول اٹھا کہ مجھ سے انہوں نے نواز شریف کو زبردستی سزا دلوائی . انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے کا سربراہ بول اٹھا کہ عمران خان مجھے وزیر اعظم آفس میں بلا کر کہتا تھا کہ آج نواز شریف کے خلاف یہ مقدمہ بناؤ، مریم نواز شریف کو گرفتار کرو، آج مسلم لیگ(ن) کے فلاں شخص کو گرفتار کرو، یہ دیکھ لو کہ اتنے ظلم، جبر اور پوری ریاست کو نواز شریف کے خلاف جھونکنے کے باوجود کیا تم نواز شریف کی محبت لوگوں کے دل سے کم کر سکے؟ . مریم نواز نے کہا کہ میں نواز شریف کے دشمنوں اور مخالفوں سے یہ کہنا چاہتی ہوں کہ تمہاری تدبیریں بیکار ہو گئیں، سب چالیں بری طرح پٹ گئیں، تمہاری سب سازشیں اللہ تعالیٰ اور اس کی مخلوق نے الٹ کر تمہارے منہ پر دے ماریں . انہوں نے چیئرمین سی پیک عاصم سلیم باجوہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے بنائے سی پیک پر 30-40 لاکھ روپے تنخواہ لے کر بیٹھے ہو لیکن اگر تم نے یہ رسیدیں نہیں دکھائیں تو عوام کو رسیدیں نکلوانی آتی ہیں . ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے الزام لگائے کہ نواز شریف کا بھارت میں کاروبار ہے، نواز شریف کو تو حکومت سے گئے چار سال ہو گئے، تمہاری حکومت ہے، ذرا نکال کر لاؤ کہ نواز شریف کا بھارت میں کون سا کاروبار ہے . انہوں نے کہا کہ یہ نواز شریف کو مودی کا یار کہتے تھے لیکن جب پاکستان کی حفاظت کی بات آئی تو بھارت کے پانچ ایٹمی دھماکوں کے جواب میں نواز شریف نے چھ ایٹمی دھماکے کیے اور کہا کہ اگر پاکستان کی طرف کسی نے میلی آنکھ سے دیکھا تو وہ یاد رکھے کہ پاکستان مسلم دنیا کی پہلی ایٹمی طاقت ہے . . .

متعلقہ خبریں