کالعدم ٹی ایل پی کو عسکریت پسند گروپ کے طور پر ڈیل کیا جائے گا، فواد چوہدری
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز نے فیصلہ کیا ہے کہ کالعدم ٹی ایل پی کو عسکریت پسند گروپ کے طور پر ڈیل کیا جائے گا، جیسے باقی دہشت گردوں کا خاتمہ کیا گیا ہے ویسا ہی معاملہ ان کے ساتھ بھی کیا جائے گا۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ کسی صورت یہ برداشت نہیں کیا جائے گا کہ کوئی ریاست کی رٹ کو چیلنج کرے۔فواد چوہدری نے کہا کہ ٹی ایل پی کوئی سیاسی جماعت نہیں ہے، آپ سڑکیں بند کرتے رہیں، ہم کتنی دیر آپ کو برداشت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کوئی ریاست پاکستان کو کمزور سمجھنے کی کوشش نہ کرے، آپ ریاست کو بلیک میل نہیں کر سکتے، کسی مائی کے لعل میں یہ طاقت نہیں کہ ریاست کو بلیک میل کرے۔فواد چوہدری نے کہا کہ اب تک ہم نے بہت برادشت کا مظاہرہ کیا ہے اور طاقت کا استعمال نہیں کیا ہے، فیک نیوز پھیلانے کا کلچر بالکل برداشت نہیں کریں گے، ایسے لوگوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔