فن و ثقافت شوبز

ضمانت منظور ہونے کے بعد آریان خان کو رہائی کب ملے گی اور طریقہ کار کیا ہو گا؟ تفصیلات سامنے آ گئیں

ممبئی (قدرت روزنامہ)گزشتہ روز ممبئی ہائیکورٹ سے آریان خان کی ضمانت منظور ہونے کے بعد تاحال ان کی رہائی عمل میں نہیں آئی ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس میں بھارتی قانونی ماہر اور بالی وڈ اسٹار فردین خان کی ضمانت کروانے والے وکیل ایاز خان کا ایک بیان سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے آریان کی رہائی کے طریقہ کار اور اس میں درکار وقت سے متعلق گفتگو کی۔
ایاز خان نے کہا کہ آریان کی ضمانت کے لیے ہائیکورٹ کی جانب سے سیشن کورٹ کو حکم نامہ بھیجا جائے گا جس کے بعد آریان سمیت تینوں ملزمان کی نمائندگی کرنے والے وکیل کو اس حکم نامے کی کاپی دی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ اس کے بعد آریان کے وکیل آج ضمانت کروانے سیشن کورٹ جائیں گے اور وہاں رجسٹری میں آریان کی ضمانت کے آرڈر فائل کروائیں گے، اگر آریان کی ضمانت نقد سے مشروط ہے تو انہیں نقد ادائیگی کرنی ہوگی اور ضمانت کے لیے شیورٹی ضروری ہے تو انہیں شیورٹی جمع کرانا ہوگی۔
ایاز خان کا کہنا تھا کہ ضمانت کے لیے نقد رقم یا شیورٹی جمع ہو جانے کے بعد سیشن کورٹ کی جانب سے آریان کی رہائی کے لیے ریلیز آرڈر جاری کیے جائیں گے، اس حکم نامے کو جیل میں پیش کیا جائے گا جس کے بعد آریان کو جیل سے رہا کیا جائے گا۔
ایاز خان کے مطابق آریان کی رہائی کا دن ہائیکورٹ کی جانب سے جاری حتمی حکم نامے کے ریلیز کیے جانے تک منحصر ہے ،اگر حکم نامہ آج دوپہر تک جمع کروادیا گیا تو ممکن ہے کہ آریان آج ہی گھر چلے جائیں لیکن اگر یہ حکم نامہ دوپہر کے بعد پیش کیا گیا تو آریان کو جیل سے رہائی کل ملے گی۔

متعلقہ خبریں