مغربی ہوائوں کا سلسلہ ملک میں داخل، بارشوں اور برفباری کی پیشنگوئی کر دی گئی
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)تازہ ترین موسمی صورتحال کے مطابق اس وقت پنجاب کے جنوب مشرقی علاقوں پر ایک کمزور سائیکلون سرکولیشن (CC) تشکیل پا رہا ہے۔ جس کے باعث بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے نم آلود ہوائیں کم شدت کے ساتھ شمال مشرقی پنجاب اور کشمیر تک پہنچ رہی ہیں۔ مغربی ہواؤں کا ایک کمزور سلسلہ اس وقت ملک کے شمالی حصوں پر موجود ہے۔تفصیلات کے مطابق آج رات کشمیر / شمالی و شمال مشرقی پنجاب سیالکوٹ / نارووال / گجرانوالہ / گجرات / اسلام آباد اور لاہور میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے،
اس کے علاوہ کل کوہاٹ / ہنگو / لکی مروت / پارہ چنار / دیر / سوات / چترال میں بھی بارش اور ہلکی برفباری کا امکان ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شمال مشرقی و شمالی پنجاب / بالائی و وسطی خیبرپختونخواہ میں اکا دکا مقامات پر بارش کا امکان ہے جبکہ جمعرات سے ہفتے کے دوران بالائی خیبرپختونخواہ / شمالی پنجاب / کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں تیز آندھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کا امکان ہے. ہفتے کے آخر سردی کی ایک طاقتور لہر بھی ملک پر اثرانداز ہوگی۔