پنجاب

شیخ رشید جو ٹارزن بنے پھر رہے تھے انکو ملاقات تک میں نہیں بیٹھایا گیا ، عظمیٰ بخاری

لاہور (قدرت روزنامہ)عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ شیخ رشید جو ٹارزن بنے پھر رہے تھے انکو ملاقات تک میں نہیں بیٹھایا گیا۔مسلم لیگ(ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے عثمان بزدار کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب جل رہا تھا اور واٹس ایپ وزیراعلیٰ چھپ کر سی ایم ہاﺅس کے بیسمنٹ میں بیٹھے تھے۔
انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار اور شیخ رشید کامذہبی جماعت سے مذاکرات اور معاہدے میں کوئی کردار نہیں تھا ، حالات خراب ہوتے رہے لیکن عثمان بزدار کو ہوش نہیں آئی کہ پنجاب میں آگ لگ گئی ہے۔مسلم لیگ(ن) پنجاب کی ترجمان نے کہا کہ شیخ رشید جو ٹارزن بنے پھر رہے تھے انکو ملاقات تک میں نہیں بیٹھایا گیا ، دو نالائق بیٹھ کر ایک دوسرے کی تعریفیں کررہے ہیں،ان کو آج شہداء کے گھروں میں جانا چاہیے تھا۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب میں امن و امان کی صورتحال کا اندازہ پولیس کی ویب سائٹ پڑھ کر لگایا جا سکتا ہے ، پنجاب میں اسٹریٹ کرائم ، ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کب تک اپنی ناقص حکمت عملی کا ملبہ پنجاب پولیس کی اعلیٰ قیادت پر ڈالتے رہیں گے ، شہید پولیس اہلکاروں کا خون ناحق ان نالائقوں کے ہاتھوں پہ ہے۔مسلم لیگ(ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ہر سانحے پر آئی جی پنجاب اور چیف سیکرٹری کو تبدیل کرنے سے تبدیلی نہیں آسکتی ، بیوروکریسی کے تبادلے عمران خان کا پسندیدہ مشغلہ بن چکا ہے۔

متعلقہ خبریں