کراچی سے چینی کے ٹرک خیبرپختونخواہ کی جانب روانہ، چینی کی فی کلو قیمت 90 روپے تک آنے کا امکان

پشاور (قدرت روزنامہ) چینی کی قیمت میں ہوشربا اضافے کے بعد اب چینی کی فی کلو کی قیمت میں کمی کا امکان ظاہر کر دیا گیا ہے . تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس منعقد کیا گیا .

دوران اجلاس چینی کی قیمت کا جائزہ لیا گیا ، اس اجلاس میں متعلقہ صوبائی وزراء اور انتظامی سیکریٹریز نے بھی شرکت کی . دوران اجلاس بریفنگ میں بتایا گیا کہ 10 ہزار میٹرک ٹن درآمدی چینی کی پہلی کھیپ خیبر پختونخواہ میں پہنچ جائے گی . کراچی پورٹ سے چینی لے کر بہت سے ٹرک خیبر پختونخوا روانہ ہو گئے ہیں، ایک آدھ دن میں فی کلو چینی کی قیمت 135 روپے سے 90 روپے تک گر جائے گی . میڈیا رپورٹ کے مطابق اجلاس میں دی گئی بریفنگ میں کہا گیا کہ کراچی سے آنے والی یہ چینی 86 روپے فی کلو کے حساب سے ڈیلرز کو فراہم کی جائے گی، ڈیلرز یہ چینی 90 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کریں گے اور تمام اضلاع کو روزانہ ایک ہزار سے ڈیڑھ ہزار ٹن چینی فراہم کی جائے گی . اجلاس میں چینی کی قیمت 150 روپے فی کلو ہونے کی تردید کی گئی اور کہا گیا کہ چینی کی فی کلو قیمت 150 روپے سے تجاوز کرنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے . اس موقع پر وزیر اعلٰی خیبرپختونخواہ محمود خان نے صوبے بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو چینی کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ چینی کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کر کے انہیں سیدھا جیل بھیجا جائے . واضح رہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے بعد چینی کی قیمت میں اضافے نے عوام کو پریشانی میں مبتلا کر رکھا ہے . دوسری جانب آل پاکستان شوگرملزایسوسی ایشن نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ ملک میں چینی کا اسٹاک صرف چار دنوں کا رہ گیا ہے، چینی کی کوئی ذخیرہ اندوزی نہیں کی گئی بلکہ چینی دستیاب ہی نہیں ہے، حکومت بروقت چینی درآمد کرتی تو حالیہ بحران پیدا نہ ہوتا . . .

متعلقہ خبریں