شاہ رخ خان کے بیٹے کو تاوان کے لیے اغواء کرنے کی سازش کی گئی تھی، ایک سیلفی نے کام خراب کر دیا، بھارتی وزیر کے دعوے نے تہلکہ مچا دیا

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)بھارتی ریاست مہارشٹر کے وزیر نواب ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کے اغواء اور تاوان سے متعلق نیا پنڈرا باکس کھول دیا،آریان خان جیسے لوگوں کو جہاز پر بلا کر انہیں منشیات کے کیس میں پھنسانے کے لیے سازش کی گئی تھی . تفصیلات کے مطابق نواب ملک نے نارکوٹکس کنٹرول بیورو ممبئی کے زونل ڈائریکٹر سمیر وانکھڑے پر اغوا کے منصوبے کا حصہ ہونے کا الزام لگایا ہے اور کہا ہے کہ اس کے پیچھے بھارتیہ جنتا پارٹی کے سربراہ موہت کمبوج کا ہاتھ ہے .

آریان کے اغواء کیلئے بی جے پی کے لیڈر موہت کمبوج کے کسی جاننے والے نے ’جال بچھایا تھا . شاہ رخ خان کے بیٹے کو وہاں لے جایا گیا اور 25 کروڑ تاوان کا ایک کھیل رچایا گیا اور 18 کروڑ انڈین روپے کی ڈیل طے پائی جبکہ اس کیلئے پچاس لاکھ روپے ادا بھی کیے گئے لیکن ایک سیلفی نے سارا کھیل بگاڑ دیا اور یہی سچ ہے . نواب ملک نے کسی کا نام لیے بغیراشارہ پرائیویٹ تفتیش کار پی گوساوی کی آریان خان کیساتھ سیلفی اور ہر پیشی پر ساتھ ہونا کی طرف اشارہ کیا گیاجس کی تصاویر خوب وائرل بھی ہوئی ہیں . دوسری جانب بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم (ایس آئی ٹی) نے کروز ڈرگز کیس کے سلسلے میں گزشتہ روز طلب کیا تھا لیکن وہ طبیعت ناسازی کا حوالہ دیتے ہوئے اْن کے سامنے پیش نہیں ہوسکے . بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے عہدیدار نے بتایا کہ انسداد منشیات ایجنسی کی ایس آئی ٹی نے گزشتہ روز آریان خان کو مزید پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا تھا . این سی بی عہدیدار نے بتایا کہ آریان خان ایس آئی ٹی کے حکام کے سامنے پیش نہیں ہوئے کیونکہ اْن کی طبیعت ناساز ہے اور وہ بخار میں مبتلا ہیں . اس سے قبل گزشتہ دنوں جمعے کو آریان خان ممبئی ہائیکورٹ کے ذریعے ضمانت کی شرائط کے مطابق اپنی ہفتہ وار موجودگی کو نشان زد کرنے کے لیے این سی بی کے دفتر میں حاضر ہوئے تھے . آرتھر روڈ جیل سے رہائی کے بعد آریان خان کی این سی بی کے دفتر میں یہ پہلی پیشی تھی . واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 2 اکتوبر کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی جانب ممبئی کروز شِپ پر چھاپہ مارا گیا جہاں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بڑے بیٹے آریان خان کو اْن کے دوستوں سمیت منشیات استعمال کرنے کے الزام میں حراست لیا گیا تھا . تقریباََ 28 دن جیل میں گزارنے کے بعد آریان خان کو گزشتہ ماہ 30 اکتوبر کو ممبئی کی آرتھر روڈ جیل سے ضمانت پر رہا کیا گیا تھا . خیال رہے کہ ممبئی ہائیکورٹ نے آریان کی ضمانت کے لیے 14 شرائط درج کی تھیں، آریان خان پولیس کو بتائے بغیر ممبئی نہیں چھوڑ سکتے اور انہیں ہر جمعہ کو این سی بی کے سامنے پیش ہونا ہوگا . شرائط میں اسی طرح کی سرگرمیوں میں ملوث نہ ہونا، اپنے دوست ارباز مرچنٹ جیسے دوسرے ملزموں سے بات چیت نہ کرنا اور میڈیا سے بات نہ کرنا شامل ہیں . اگر ان شرائط میں سے کسی کی خلاف ورزی ہوتی ہے تو نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) آریان خان کی ضمانت کی منسوخی کی درخواست کر سکتا ہے . . .

متعلقہ خبریں