پوری قوم کی دعائیں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہیں، حافظ حمداللہ

(قدرت روزنامہ)پی ڈی ایم کے ترجمان حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ پوری قوم کی دعائیں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہیں . حافظ حمد اللہ نے قومی کرکٹ ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم بابر اعظم کی کپتانی میں ایک خاندان کی طرح متحد ہو کر میدان میں اتریں، ایمان اور یقین کے جذبے کے ساتھ قوم اور پاکستان کے لئے کھلیں، پوری قوم کی دعائیں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہیں .

پی ڈی ایم کے ترجمان حافظ حمد اللہ کا مزید کہنا تھا کہ عقابی روح جب بیدار ہوتی ہے تو جوانوں کو اپنی منزل آسمانوں میں نظر آتی ہے، ایمان سے بڑھتا ہر قدم کامیابی کی منزل کے قریب ہے، کرکٹ ٹیم یقین کے ساتھ آگے بڑھیں . یاد رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں آج ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں مد مقابل آئیں گی، دونوں ٹیموں کے مابین میچ دبئی میں پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے کھیلا جائے گا . گزشتہ روز پاکستان کرکٹ ٹیم کے کیمپ سے یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان اور مڈل آرڈر میں کھیلنے والے شعیب ملک کو فلو ہوگیا ہے . ٹیم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دونوں کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے جو منفی آئے تھے تاہم دونوں کھلاڑیوں کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے اور میچ میں کھلانے یا نہ کھلانے کا فیصلہ میچ سے کچھ دیر قبل ہی کیا جائے گا . ذرائع کا کہنا ہے کہ شعیب ملک اور محمد رضوان کی طبیعت بہتر نہ ہونے کی صورت میں سرفراز احمد اور حیدر علی کو پلئینگ الیون میں شامل کیا جائے گا . واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب پاکستان اور آسٹریلیا کسی بھی آئی سی سی عالمی کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں مد مقابل  آئیں گے . اس سے قبل پاکستان اور آسٹریلیا پانچ مرتبہ ناک آؤٹ مقابلے میں مدمقابل آئے اور پانچوں مرتبہ آسٹریلیا کو ہی فتح نصیب ہوئی . دونوں ٹیمیں 2010  کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں سنسنی خیز مقابلے سے شائقین کو محظوظ کرچکی ہیں جہاں مائیکل ہسی نے جادوگر کے نام سے مشہور اسپنر سعید اجمل کو لگاتار تین چھکے لگاکر پاکستان سے یقنی فتح چھین لی تھی . سوشل میڈیا پر شائقین کرکٹ کے ساتھ ساتھ خود سعید اجمل کی جانب سے بھی قومی ٹیم سے اس شکست کا بدلہ لینے کا مطالبہ کیا جارہا ہے . یاد رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 میں پاکستان واحد ناقابل شکست ٹیم ہے اور بابر الیون نے 5 میچز کے دوران ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے . . .

متعلقہ خبریں